قائداعظم گیمز کیلئے خیبرپختونخوا ہاکی ٹیم کے ٹرائلز 18 دسمبر کو قیوم سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہونگے

جن کھلاڑیوں کی عمر 17دسمبر تک پچیس سال ہو وہ ان ٹرائلز میں حصہ لے سکتے،سید ظاہر شاہ

ہفتہ 16 دسمبر 2017 18:07

قائداعظم گیمز کیلئے خیبرپختونخوا ہاکی ٹیم کے ٹرائلز 18 دسمبر کو قیوم ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 دسمبر2017ء) قائداعظم گیمز کی تیاریوں کے سلسلے میں خیبرپختونخوا ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام خیبرپختونخوا کی ٹیم کے ٹرائلز 18 دسمبر بروز پیر صبح گیارہ بجے پشاور کے قیوم سپورٹس کمپلیکس میں واقع لالہ ایوب ہاکی سٹیڈیم میں منعقد کئے جائیں گے ،جس کیلئے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں ،اس سلسلے میں صوبائی ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل سید ظاہر شاہ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جن کھلاڑیوں کی عمر سترہ دسمبر تک پچیس سال ہو وہ ان ٹرائلز میں حصہ لے سکتے ہیں کھلاڑیوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ پیر کے روز صبح گیارہ بجے تک لالہ ایوب ہاکی سٹیڈیم میں بمعہ اصل شناختی کارڈ‘تصاویر اور دیگر دستاویزات کے ہمراہ رپورٹ کریں ‘گیارہ بجے رجسٹریشن کی جائے گی جبکہ ٹرائلز کا آغاز دوپہر بارہ بجے ہوگا ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ ان ٹرائلز میں کسی بھی محکمے کے کھلاڑی کو شرکت کی اجازت نہیں ہوگی انہوں نے کہا کہ ان ٹرائلز کے حوالے سے تمام ڈسٹرکٹس کے کھلاڑیوں اور ایسوسی ایشنز کو آگاہ کر دیا گیا ہے تاہم انہیں دوبارہ اطلاع دی جاتی ہے کہ وہ بروقت ٹرائلز میں شرکت کو یقینی بنائیں انہوں نے بتایا کہ پچیس دسمبر سے اسلام آباد میں شروع ہونیوالی قائداعظم گیمز کے لئے خیبر پختونخوا کی سولہ رکنی ٹیم کا انتخاب کیا جائے گا جس کے منیجر اسسٹنٹ ڈائریکٹر سپورٹس خیبر پختونخوا سپورٹس بورڈ عزیز اللہ خان ہوں گے جبکہ ٹیم کے ہمراہ انٹرنیشنل کوچز میں سید ضیاء الرحمان بنوری اور امیر حمزہ ہوں گے انہوں نے امید ظاہر کی قائداعظم گیمز میں خیبرپختونخوا کی ٹیم بہترین کھیل کا مظاہرہ کرے گی اور ٹرافی اپنے نام کرے گی۔