Live Updates

تحریک انصاف آنیوالا الیکشن کارکردگی کی بنیاد پر لڑے گی، سابقہ ادوار میں عوام کو کبھی پختونوں کے نام پر کبھی اسلام کے نام پر

ووٹ لیکر لوٹا گیا ،پی ٹی آئی نے الیکشن سے پہلے عوام کیساتھ کئے گئے تمام وعدوں کو پورا کیا، ملک کا بنیادی مسئلہ کرپشن ہے اگر کرپشن کا خاتمہ کیا جائے تو پاکستان دنیا کا عظیم ملک ہے صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان کا شمولیتی جلسے سے خطاب

ہفتہ 16 دسمبر 2017 18:07

مردان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 دسمبر2017ء) خیبر پختونحوا کے وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف آنیوالا الیکشن کارکردگی کی بنیاد پر لڑے گی، پاکستان تحریک انصاف کی روز بروز مقبولیت اس بات کی عکاس ہے کہ عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہو رہے ہیں، سابقہ ادوار میں عوام کو کبھی پختونوں کے نام پر ووٹ لیکر لوٹا گیا اور کبھی اسلام کے نام پر ووٹ لیکر اسلام آباد کے مزے لوٹے گئے جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن سے پہلے عوام کیساتھ کئے گئے تمام وعدوں کو پورا کیاہے، ہمارے ملک کا بنیادی مسئلہ کرپشن ہے اگر کرپشن کا خاتمہ کیا جائے اور ضرورت مند کو اس کا حق اسکی دہلیز پر مل سکے تو پھر پاکستان دنیا کا عظیم ملک ہے ۔

وہ ہفتے کو کینال روڈ یونین کونسل بجلی گھر مردان میں ایک شمولیتی جلسے سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

جلسے سے ممبر قومی اسمبلی مجاہد خان، تحصیل ناظم مردان محمد ایوب خان اور ہاشم خان نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ارشاد ، عبدالرحمان، زاہد خان ، ولید خان، محمد نبی اور قیصر خان اپنے خاندانوں اور درجنوں ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوگئے۔

محمد عاطف خان نے کہاکہ سابقہ حکمرانوں نے عوام کا پیسہ بے دردی کے ساتھ لوٹ کر اپنی تجوریاں بھری ہیں، ٹھیکے اور نوکریاں بکتی تھیں، تمام اداروں میں سیاسی اثر ورسوخ تھا جبکہ پٹوار ،پولیس کا نظام درہم برہم تھا اور غریب عوام کا کوئی پرسان حال نہیں تھا ، ملک میں بد امنی کا وہ حال تھا کہ حکمران جماعت کے لوگ پاکستان اور بالخصوص خیبر پختونخوا آنے سے ڈرتے تھے، ہماری حکومت کی بدولت اب وہی لوگ آزادانہ گھوم پھر کر جلسے کررہے ہیں، یہ تبدیلی نہیں تو کیا ہے جبکہ اداروں کی کارکردگی میں انقلابی تبدیلیاں آئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج پورے ملک میں خیبر پختونخوا کے تعلیمی نظام ، صحت کے شعبہ ، پولیس، پٹواراور دیگر محکموں کی مثالیں دی جاتی ہیںوزیراعلیٰ سے لیکر ادنیٰ ورکر کا دامن مکمل طور پر کرپشن سے پا ک ہے ،عوام میں سیاسی شعور اجاگر ہوچکا ہے اور اب انکو گمراہ کرنا مشکل ہے ، وہ ایز ی لوڈ اور ایس ایم ایس کلچر کو دوبارہ کبھی بھی فروغ نہیں دیں گے اور نہ ہی ان نام نہاد پختونوں کے ٹھیکیداروں کے دھوکے میں آئیں گے، آنیوالا دور پاکستان تحریک انصاف کا ہے اور عمران خان کی قیادت میں پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک عظیم مملکت بن کر ابھرے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات