حکومت نے گرتی ہوئی معیشت کو نہ سنبھالا تو ملک خطرناک نتائج سے دوچار ہو سکتا ہے ‘ذکر اللہ مجاہد

حکمران ڈالر کی قیمت کو کنٹرول کرنے کیلئے سخت اقدامات اُٹھا ئیں ورنہ ملک میں مزید مہنگائی کا طوفان برپا ہوگا

ہفتہ 16 دسمبر 2017 17:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2017ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ حکومت نے تیزی سے گرتی ہوئی ملکی معیشت کو نہ سنبھالا تو ملک خطرناک نتائج سے دوچار ہو سکتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں دفتر جماعت اسلامی لاہور میں ضلعی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلا س میں نائب امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ، معاشیات امیر جماعت اسلامی علاقہ شرقی لاہور عبدالرشید مرزا ، سیکرٹر ی سیاسی کمیٹی جماعت اسلامی لاہور چوہدری محمود الاحد ودیگر ذمہ داران شریک تھے۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ملک کی تاریخ میں آج تک جتنے بھی حکمران آئے انہوں نے صرف اورصرف اپنے مفادات کے حصول کیلئے ملکی اور عوامی مفادات کی قربانی دی ہے اور ملک پر قرضوں کا اتنا بوجھ ڈالا ہے کہ آج ملکی معیشت اسی صورتحال سے دوچار ہے کہ ملک کو چلانے کیلئے آئی ایم ایف اور ورلڈبنک سے قرضے لینے پڑرہے ہیں اور ان قرضوں کی مد میں ہمیں ان کی ناچاہتے ہوئے بھی وہ شرائط ماننی پڑتی ہیں جو ہماری ملکی معیشت کو سہارا دینے کی بجائے اسے مزید کمزور کرنے کا باعث بن رہی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجود ہ حکمرانوں نے سابق تمام قرضوں کے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں اور بیرونی قرضوں کا بوجھ اس قدر بڑھ چکا ہے کہ ہر پاکستانی شہری بچے ، بوڑھا ، مرد اور عورت ایک لاکھ روپے سے اوپر کا مقروض ہو چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کے نتیجے میں ملکی معیشت مزید کمزور ہوتی جا رہی ہے غربت، بے روزگاری اور مہنگائی اس قدر بڑھتی جا رہی ہے کہ عوام دووقت کی روٹی اور معاشی حالات کی بہتری کیلئے اپنے بچوں کے برائے فروخت کے بینر آویزاں کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں ۔

ذکر اللہ مجاہد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ڈالر کی قیمت کو کنٹرول کرنے کیلئے سخت اقدامات اُٹھائے ورنہ ملک میں مزید مہنگائی کا طوفان برپا ہوگااور ڈالر میں اضافے کے ذمہ دار افراد کی نشاندہی کی جائے اور انکے خلاف فی الفور ملکی مفاد میں کارروائی کی جائے ۔

متعلقہ عنوان :