Live Updates

پیپلز پارٹی پر کسی کے ان آئوٹ کا اثر نہیں ہوتا، ملکی مفاد میں عمران خان کے ساتھ بیٹھنے میں کوئی حرج نہیں‘ راجہ پرویز اشرف

جس ملک میں وزیر خزانہ، خارجہ اور کابینہ نہ ہو، اسپیکر کو حالات پر تشویش ہو تو پھر کیا کیا جائے،خواہش ہے انتخابات وقت پر ہی ہوں اداروں پر الزام تراشی ملک کو کمزور کرنے کے مترادف ہے، ہم نے ذوالفقار بھٹو کی پھانسی کے باوجود کبھی عدلیہ پر حملہ نہیں کیا‘ سابق وزیر اعظم

ہفتہ 16 دسمبر 2017 14:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی پر کسی کے ان آئوٹ کا اثر نہیں ہوتا، ملکی مفاد میں عمران خان کے ساتھ بیٹھنے میں کوئی حرج نہیں،اداروں پر الزام تراشی ملک کو کمزور کرنے کے مترادف ہے، ہم نے ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے باوجود کبھی عدلیہ پر حملہ نہیں کیا۔

لاہور کی احتساب عدالت میں 437 افراد کو میرٹ سے ہٹ بھرتی کرنے کے کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنی سیاست کررہی ہے اور کسی کے ان آئوٹ کا اثر نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ اداروں پر الزام تراشی ملک کو کمزور کرنے کے مترادف ہے، ہم نے ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے باوجود کبھی عدلیہ پر حملہ نہیں کیا، قومی اداروں کو مورد الزام نہیں ٹھہرایا، کسی بھی حالات میں عدلیہ پر حملہ نہیں کیا۔

(جاری ہے)

عمران خان کے ساتھ چلنے سے متعلق سوال پر سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے کبھی نہیں کہا کہ بیٹھنا چاہتے ہیں یا نہیں، یہ تو سیاست ہے، ملکی مفاد میں عمران خان کے ساتھ بیٹھنا پڑا تو کوئی حرج نہیں۔راجہ پرویز اشریف نے کہا کہ ملک میں حکومت کا نظر آنا ضروری ہے اس کے بعد حکومت کی چلنے کی بات کی جائے، جس ملک میں وزیر خزانہ، خارجہ اور کابینہ نہ ہو، اسپیکر کو حالات پر تشویش ہو تو پھر کیا کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ الیکشن وقت پر ہی ہوں۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ آصف زرداری کے پیپلزپارٹی میں ہوتے ان سے کسی قسم کا اتحاد نہیں ہوسکتا جبکہ طاہرالقادری نے آصف زرداری سے ملاقات کے بعد کہا تھا کہ وہ جب چاہیں عمران خان اور آصف زرداری کو ساتھ بٹھا سکتے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات