انڈونیشیا میں 6.5شدت کا زلزلہ،خاتون سمیت 2افراد ہلاک،متعدد زخمی ،درجنوں گھر تباہ

زلزلے کی شدت 6.5تھی اور مرکز ملک کے مرکزی علاقے میں زمین سے 56 میل گہرائی میں تھا،زلزلہ پیما مرکز

ہفتہ 16 دسمبر 2017 14:30

انڈونیشیا میں 6.5شدت کا زلزلہ،خاتون سمیت 2افراد ہلاک،متعدد زخمی ،درجنوں ..
جکارتہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 دسمبر2017ء) انڈونیشیا میں 6.5 شدت کا زلزلہ آیا ہے، جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 2افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ کئی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ سمیت ملک کے کئی دوسرے شہروں اور گجان آباد جزیرے جاوا میں جمعہ کو زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ۔

نیشنل ڈیزاسٹر ایجنسی کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ زلزلے کے باعث عمارت گرنے سے ایک 62سالہ شخص اور 80سالہ خاتون ہلاک ہوگئی ۔زلزلے سے 40سے زائد تباہ ہوگئے جبکہ متعدد کو نقصان پہنچا ۔انڈونیشی حکام نے زلزلے کے بعد جاوا کے ساحلی علاقوں کے لیے سمندری طوفان سے متعلق وارننگ جاری کی ہے۔یہ زلزلہ جمعے کی نصف شب سے کچھ پہلے آیا۔

(جاری ہے)

خبروں میں بتایا گیا ہے کہ انڈونیشیا کے بہت سے حصوں میں لوگ پریشانی کے عالم میں عمارتوں سے باہر نکل آئے اور جاوا کے ساحلی علاقوں سے لوگ محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہونا شروع ہو گئے۔

انڈونیشیا کے ٹیلی وژن نے بتایا کہ ساحلی علاقے چھوڑ کر جانے والوں کی بھاری تعداد کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک جام ہو گیا ہے۔سانحات سے متعلق قومی ادارے کے ترجمان سوٹوپو پرسو نگروہو نے بتایا کہ ہلاکتوں کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں لیکن وہ فوری طور پر تفصیلات فراہم نہیں کر سکتے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مغربی جاوا کے متعدد شہروں میں عمارتیں گرنے کی بھی اطلاعات ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ دارالحکومت جکارتہ اور کئی دوسرے شہروں اور دیہاتوں میں تقریبا 20 سیکنڈز تک زلزلے کے طاقت ور جھٹکے محسوس کیے گئے۔امریکہ کے زلزلہ پیما مرکز نے بتایا ہے کہ زلزلے کی شدت 6 اعشاریہ 5 تھی اور اس کا مرکز ملک کے مرکزی علاقے میں زمین سے 56 میل گہرائی میں تھا۔انڈونیشیا بحرالکاہل کے ایک ایسے حصے میں واقعہ ہے جہاں زلزلے آنے اور آتش فشاں پہاڑ پھٹنے کے واقعات گاہے گاہے ہوتے رہتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :