پاکستان اور کینیڈاکے درمیان انفارمیشن ٹیکنالوجی و زرعی شعبوں میں شراکت داری کے وسیع امکانات ہیں، کینیڈا کے لیے پاکستانی منصوعات کی برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے

کینیڈا میں پاکستانی ہائی کمشنر طارق عظیم کاپاک کینیڈا بزنس چیمبر کی تجارتی و ثقافتی شو سے خطاب

ہفتہ 16 دسمبر 2017 13:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2017ء) کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر طارق عظیم نے کہا ہے کہ کینیڈا اور پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور زرعی شعبوں میں شراکت داری قائم کرنے کے وسیع امکانات موجود ہیں کیونکہ پاکستان میں بڑے پیمانے پر مصنوعات تیار کرنے کی صلاحیت موجود ہے جودنیا بھر میں برآمد ہو رہی ہیں اورکینیڈا میں بھی پاکستانی منصوعات کی برآمد میں اضافہ ہو رہا ہے ۔

یہ بات انہوں نے پاکستان کینیڈا بزنس چیمبر (پی سی بی سی) کی طرف سے منعقدہ تجارتی اور کلچرل شو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ یہ تجارتی شو پاکستانی قونصل جنرل کی معاونت سے کرائون پلازہ ہوٹل مانٹریال میں منعقد ہوا ،نمائش میں اشیاء تیار کرنے اور خدمات فراہم کرنے والی 32 پاکستانی کمپنیوں نے حصہ لیا جس کا مقصد سرجری کے آلات ، دستکاریوں، کھیلوں کے سامان ، چمڑے کی مصنوعات ، زیورات ، خوراک اور باسمتی چاول کی برآم میں اضافہ ہے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاکستانی ریستورانوں نے نمائش کے شرکاء کی پاکستانی کھانوں سے تواضع کی ۔ ہائی کمشنر طارق عظیم کے ہمراہ مانٹریال میں پاکستان کے قونصل جنرل محمد عامر بھی تھے ۔پی سی بی سی کے ڈائریکٹرز نے تمام سٹالوں کا دورہ کیا ۔ کاروباری حضرات اور عوام کی بڑی تعداد نے نمائش دیکھی ۔ بعد ازاں پاکستانی نمائش کنندگان کو معلومات کی فراہمی کیلئے پی سی بی سی کی طرف سے ایک سیمینار منعقد کیا گیا جس کے دوران شرکاء کو کینیڈا کے درآمدی قوانین و ضوابط اور کینیڈین مارکیٹوں میں اشیاء لانے کیلئے درکار سرٹیفیکشن کے بارے میں بتایا گیا۔

نمائش دیکھنے کیلئے آنے والوں نے پی سی بی سی کے اس اقدام کو سراہا جس سے پاکستان اور کینیڈا کے مابین تجارتی تعلقات میں اضافہ بھی ہوگا۔ ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان کی معیشت سرمایہ کار درست پالیسیوں کے باعث 5 فیصد سے زائد کی شرح سے نمو پا رہی ہے اور 2030ء تک پاکستان کے دنیا کی 20ویں بڑیے معیشت کے طور پر ابھرنے کا امکان ہے ۔ نمائش میں پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کے معیار کو اجاگر کرنے کے لیے فیشن شو بھی منعقد ہوا جس میں پاکستانی مشہور فیشن ڈایزائنرز علی ذیشان اور مس ملیحہ ملک کے ڈیزائن کردہ ملبوسات پیش کئے گئے جن کے معیار کو بے حد سراہا گیا۔

اس موقع پر مشہور پاکستانی پوپ سنگر ابرار الحق نے اپنے مشہور نغمے گا کر حاضرین کو محظوظ کیا۔ ثقافتی تقریب میں کینیڈین رکن پارلیمنٹ مس ایمانیولا لمبروپوئش ، سینٹ لارینٹ اور لسالے کے میئر ،کینیڈین حکام، سفارتکاروں اور پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔