زرعی فارمزکا موثر استعمال ممکن بنانے کے لیے حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت

ہر فصل کا ہر سیزن میں سرکاری فارم پر ایک فارمر ڈے منعقد کیا جائے ‘ سیکرٹری زراعت محمد محمود

ہفتہ 16 دسمبر 2017 13:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2017ء)سیکرٹری زراعت پنجاب محمد محمود نے زرعی فارمزکا موثر استعمال ممکن بنانے کے لیے حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ سیکرٹری زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ ہر فصل کا ہر سیزن میں سرکاری فارم پر ایک فارمر ڈے منعقد کیا جائے اورسرکاری فارمز کاتمام رقبہ لیزر لینڈ لیولر کرایا جائے۔ پانی کی بچت کیلئے کھالے پکے کرائے جائیں۔

ڈرپ اور سپرنکلر نظام آبپاشی اپنا کر سرکاری زرعی فارموں میں آبپاش پانی کی بچت کو یقینی بنایا جائے۔ سرکاری فارمز ماڈل فارمز کا نقشہ پیش کریں۔ محکمہ زراعت کے افسران کے زیر استعمال سرکاری گاڑیوں پر سٹکرز /برینڈنگ بہت ضروری ہے جن افسران کی گاڑیاں بغیر برینڈنگ نظر آئیں ان سے گاڑیاں واپس لیکر کارروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

ہر سرکاری زرعی فارم پر 500 نمائشی اور زیبائشی پودے بھی لگائے جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام سرکاری فارمز کو جیو ٹیگ کیا جارہا ہے تاکہ فارم پر زرعی مداخل اور پیداوار سے متعلق معلومات حاصل کی جاسکیں اور فارموں کا صحیح سٹیٹس(Status) معلوم کیا جاسکے۔ سرکاری زرعی فارمز کو ماڈل فارمز بنانے کیلئے متعلقہ ڈائریکٹرز اور فارمز منیجر کو ٹریننگ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق ڈویژنل سطح پر زرعی میلوں کا انعقاد بھی کیا جارہا ہے۔