سعودی عرب، ٹریفک چیکنگ کے لیے خواتین پولیس بھرتی کرنے کا فیصلہ

ہفتہ 16 دسمبر 2017 12:01

سعودی عرب، ٹریفک چیکنگ کے لیے خواتین پولیس بھرتی کرنے کا فیصلہ
ریاض۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2017ء) سعودی عرب میں روڈ سیفٹی منیجمنٹ ادارے کے حکام کا کہنا ہے کہ مملکت میں جلد ہی سڑکوں پر پیٹرولنگ اور چیکنگ کے لیے خواتین ٹریفک پولیس کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ اقدام خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دینے کے بعد تناظر میں کیا جا رہا ہے۔ خواتین ٹریفک پولیس اہلکار سڑکوں پر ڈرائیونگ کے دوران قواعد کی خلاف ورزی کرنے والی خواتین کے خلاف کارروائی کی مجاز ہوں گی۔

(جاری ہے)

حکام کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر قائم چیک پوسٹوں پر خواتین اہلکارں کو متعین کرنے کے ساتھ ساتھ خواتین کے پیٹرولنگ مراکز بھی قائم کیے جائیں گے۔حکام نے کہا ہے کہ خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت ملنے کے بعد ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لیے مراکز قائم کیے جائیں گے جن پر خواتین ہی کو تعینات کیا جائے گا۔ ان میں خواتین کے ہنگامی امدادی مراکز، سٹاپ سینٹرز اور دیگر مراکز جن میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی خواتین کو روکا جاسکے گا۔