سپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی راحیلہ حمید خان درانی کی زیرصدارت بلوچستان اسمبلی سے پاس شدہ قراردادوں پر وفاقی حکومت سے عملدرآمد کے متعلقہ فالواپ کمیٹی کا اجلاس

ہفتہ 16 دسمبر 2017 00:00

کوئٹہ۔ 15دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2017ء) سپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی راحیلہ حمید خان درانی کی زیر صدارت بلوچستان اسمبلی سے پاس شدہ قراردادوں پر وفاقی حکومت سے عملدرآمد کے متعلقہ فالواپ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع، رکن صوبائی اسمبلی میرعاصم کرد گیلو،ڈپٹی اپوزیشن لیڈر انجینئرزمرک خان اچکزئی، سیکریٹری ائی پی سی پسند خان بلیدی، سیکریٹری اسمبلی شمس الدین، سیکریٹری ٹو اسپیکر ظہور احمد اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں بلوچستان صوبائی اسمبلی سے پاس شدہ قراردادوں کی تفصیل جو وفاقی حکومت سے متعلق ہیں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے سلسلے میں تفصیلی غوروخوض ہوا اور ان پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ بلوچستان اسمبلی سے بلیو/آفیشل پاسپورٹ سے متعلق چار سرکاری قراردادیں متفقہ طور پر منظور ہوئی ہیں جبکہ ایئر پورٹ/ پی آئی اے کے کرایوں سے متعلق سات مشترکہ قراردادیں، سوئی گیس سے متعلق 11، بجلی سے متعلق 9، پانی سے متعلق 6، شاہرات سے متعلق 13، نادرا سے متعلق 4، ریلوے لائن سے متعلق 3، تعلیم سے متعلق 5، زراعت سے متعلق 3، قانون سازی سے متعلق 5، ملازمت سے متعلق 4جبکہ 36متفرق مشترکہ قراردادیں جو این سی ایچ ڈی، بلوچی زبان میں خبر شائع کرنا، حج اسکیم 2014ء ، صوبائی پولیس آفیسران کا کوٹہ، ہرنائی کول مائنز، کسٹم اور ٹیکسوں میں خصوصی رعایت، ای او بی آئی، موبائل فونز کی خریدوفروخت کے لئے اصل خریدار کی رسید، مردم شماری، پی ٹی وی، بی آر ایس پی، ایف بی آر، ود ہولڈنگ ٹیکس پر نظرثانی، بلوچستان کے عازمین حج کا سرکاری کوٹہ میں اضافہ سے متعلقہ منظور ہوئی ہیں۔

اس موقع پر اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع اور رکن صوبائی اسمبلی میرعاصم کرد گیلو نے تجاویز دیتے ہوئے کہا کہ یہ تمام قراردادیں انتہائی اہم نوعیت کی ہیں ان پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے تیزرفتاری سے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ اجلاس کے دوران اسپیکر بلوچستان اسمبلی محترمہ راحیلہ حمید خان درانی نے سیکریٹری ائی پی سی کو ہدایت کی کہ وہ اسمبلی میں منظور کی گئی قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے سیکریٹری اسمبلی سے مسلسل رابطے میں رہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں 11رکنی فالو اپ کمیٹی بہت جلد وفاقی محکموں کے سربراہان سے ملاقات کرکے عملی اقدامات کرے گی۔ اسپیکر نے کہا کہ اسمبلی سے منظور کردہ قراردادوں پر ان کی روح کے مطابق عملدرآمد جمہوریت کی سربلندی اور استحکام کے لئے ضروری ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی اداروں سے متعلق قراردادوں پر عملدرآمد کے لئے چیف سیکریٹری بلوچستان متعلقہ محکموں کو خط لکھیں گے جس کے بعد فالو اپ کمیٹی وفاقی اداروں کے سربراہان سے ملاقات کرے گی۔