پاکستان اور مسلم امہ کو لاحق خطرات کا مقابلہ کرنے کے لئے گونگی بہری قیادت کی بجائے ذوالفقار علی بھٹو کے وارثوں کی ضرورت ہے ،، گالم گلوچ کرنے والی پارٹیاں جمہوریت اور آئین کا تحفظ نہیں کر سکتیں،قائد حزب اختلاف سید خورشید علی شاہ کا ملتان میں جلسہ سے خطاب

جمعہ 15 دسمبر 2017 23:21

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 دسمبر2017ء) قائد حزب اختلاف سید خورشید علی شاہ نے ملتان میں پیپلزپارٹی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور مسلم امہ کو لاحق خطرات کا مقابلہ کرنے کے لئے گونگی بہری قیادت کی بجائے ذوالفقار علی بھٹو کے وارثوں کی ضرورت ہے پیپلز پارٹی نے پارلیمنٹ، جمہوریت اور قانون کا تحفظ کیا اور تحفظ کرتے ہو ئے بھٹو کا خواب پورا کرنے کی کوشش کی، گالم گلوچ کرنے والی پارٹیاں جمہوریت اور آئین کا تحفظ نہیں کر سکتیں صرف بلاول بھٹو کی قیادت ہی پاکستان کو اس کا حقیقی مقام دلا سکتی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے قلعہ کہنہ قاسم باغ سٹیڈیم ملتان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہو ئے کیا سید خورشید علی شاہ نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب الگ صوبے کی خواہش کو پیپلز پارٹی ضرور پورا کرے گی کہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی کی گورننس نہیں تھی آج ان کی اپنی گورننس کہاں ہے آج کا کسان ، مزدور مشکل حالات میں ہے نوجوان بے روزگار ہیں پاکستان کو جتنے خطرات ہیں ان کی ماضی میں مثال نہیں ملتی ملتان کا جلسہ تاریخی دیکھ رہا ہوں جو ملکی سیاست میں نئی تاریخ رقم کرے گا۔