Live Updates

عمران خان نے جہانگیر ترین کو بطور سیکریٹری جنرل کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے

ن لیگ کی خوشیاں عارضی ہیں،کچھ لندن بھاگ گئے اور کچھ بھاگنے والے ہیں، فواد چوہدری

جمعہ 15 دسمبر 2017 23:20

عمران خان نے جہانگیر ترین کو بطور سیکریٹری جنرل کام جاری رکھنے کی ہدایت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 دسمبر2017ء) تحریک انصاف جہانگیر ترین سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظر ثانی درخواست دائر کرے گی۔یہ بات ترجمان تحریک انصاف۔ فوادچوہدری سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین کے خلاف تین الزامات تھے، تحریک انصاف اور عمران خان کے خلاف درخواست مسترد کی گئی جب کہ جہانگیر ترین کیخلاف درخواست میں دو الزامات مسترد کیے گئے، انہیں ایک الزام پر نااہل کیا گیا جو ایک تکنیکی مسئلہ ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ جہانگیر ترین کے فیصلے پر نظر ثانی درخواست دائر کریں گے لیکن آج کے فیصلے سے ہمارا مؤقف درست ثابت ہوا ہے، عمران خان اور جہانگیر ترین کا پاناما کے مافیا سے کوئی مقابلہ نہیں، ہمارے کیس کو جس طرح مقابلے پر رکھا گیا وہ خود بہت بڑی زیادتی تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ عدالت نے 99 فیصد ہمارے حق میں اور ایک فیصد خلاف فیصلہ دیا، جہانگیر ترین پر منی لانڈرنگ، کرپشن اور انسائیڈر ٹریڈنگ کے الزامات مسترد کیے گئے، ان کی نااہلی تکنیکی بنیادوں پر ہوئی، امید ہے نظر ثانی کی درخواست میں سپریم کورٹ یہ فیصلہ واپس لے گی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ جہانگیر ترین کی حد تک عدالتی فیصلے سے مایوسی ہوئی، عمران خان نے جہانگیر ترین کو بطور سیکریٹری جنرل کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ نون لیگ کی خوشیاں عارضی ہیں،کچھ لندن بھاگ گئے اور کچھ بھاگنے والے ہیں، حنیف عباسی نے سپریم کورٹ کے سامنے غلط بیانی کی، عدالت کو حنیف عباسی کی غلط بیانی کا نوٹس لیناچاہیے تھا، حنیف عباسی نے جہانگیرترین کی آف شورکمپنی کوپاناماکی کمپنی قراردیا۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جہانگیر ترین توازن برقرار رکھنے کے نظریئے کا شکار ہوئے، فیصلے کو توازن قائم رکھنے کے طور پر نہیں دیکھنا چاہیے، عدالتوں کو مقدمات کافیصلہ میرٹ پرکرناچاہیے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات