Live Updates

نوجوان میرے ساتھ ہیں،پاکستان کو مضبوط بنائیں گے،یہ میرا پہلا اور عمران خان کا آخری الیکشن ہوگا

بلاول بھٹو زرداری،آصف زرداری اور یوسف رضا گیلانی کا جلسہ عام سے خطاب

جمعہ 15 دسمبر 2017 23:19

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ یہ میرا پہلا اور عمران خان کا آخری الیکشن ہوگا۔قلعہ قاسم باغ میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہاکہ نوجوانوں کی بات کرنے والے نے اپنی پارٹی میں تمام بوڑھوں کوعہدے دے رکھے ہیں۔نوجوان ہمارے ساتھ ہیں۔

ہمارے پاس نوجوانوں کی فلاح وبہبود کے بہت سے منصوبے ہیں۔پیپلزپارٹی نے پہلے بھی نوجوانوں کو روزگار دیا ۔آئندہ بھی ہم نوجوانوں کی مدد سے پاکستان کو مضبوط اورمستحکم بنائیں گے۔انہوںنے کہاکہ نوجوان میری طاقت ہیں۔بلاول بھٹو نے مزید کہاکہ عمران خان سمیع الحق کے نظریات کے حامی ہیں۔انہوں نے کہاکہ اسلام کانام لینے والے اسلام آباد تک پہنچنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

اسلا م کوکوئی خطرہ نہیں،خطرہ ان کے حلوے کو ہے۔جس ملک میں 90فیصد مسلمان ہوں وہاں اسلام کوکوئی خطرہ نہیں ہوسکتا۔انہوںنے کہا کہ یہ صوفیاء کی دھرتی ہے ۔یہ امن کی دھرتی ہے۔ہم امن کاپیغام عام کررہے ہیں۔ملتان کی عوام نے ہمیشہ آمریت کے خلاف مزاحمت کی۔ضیاء دور میں یہاں کالونی ٹیکسٹائل ملز کے مزدوروں کو قتل کیاگیا ۔میں ان مزدوروں کو سلام پیش کرتا ہوں۔

انہوںنے مزید کہاکہ ہم کاشتکاروں کی فلاح وبہبود کے لیے پہلے بھی کام کرتے رہے ۔آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔بلاول بھٹو نے کہاکہ ہم اس خطے کی محرومیاں ختم کر یں گے اور سرائیکی صوبہ بنائیں گے۔قبل ازیں سابق صدر آصف علی زرداری نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملتان کے لوگوں نے ہمیشہ پیپلزپارٹی کاساتھ دیا ۔اسی گرائونڈ میں شہید ذوالفقارعلی بھٹو نے ایک بہت بڑا جلسہ کیاتھا اوریہیں شہید بے نظیر بھٹو بھی جلسوں سے خطاب کرچکی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے اپنے دور اقتدار میں پہلے بھی مزدوروں اور کسانوں کی فلاح وبہبود کے لیے اقدامات کیے اور ہم آئندہ بھی ان کی فلاح وبہبود کے لیے کام کرتے رہیں گے۔سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی نے کہاکہ اس خطے کی عوام پاکستان پیپلزپارٹی کے ساتھ ہیں۔ہم نے اپنے دور اقتدار میں اس خطے کیلئے بڑے بڑے منصوبے شروع کیے اورآئندہ بھی ہم ملتان اور سرائیکی وسیب کے لیے کام کرتے رہیںگے۔

اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی عوام کی حاکمیت چاہتی ہے۔بلاول بھٹو ہی مستقبل میں پاکستان کی قیادت کریں گے۔جلسے سے سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے بھی خطاب کیا۔جلسہ عام میں سابق چیئرمین سینیٹ نیئر بخاری، سابق گورنر سردار لطیف کھوسہ،حامد سعید کاظمی سمیت پارٹی رہنمائوں کی بڑی تعداد بھی موجودتھی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات