حکومت پنجاب نے زراعت میں ڈرون ٹیکنالوجی استعمال کرنے کی اجازت دے دی

جمعہ 15 دسمبر 2017 23:19

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2017ء) حکومت پنجاب نے زراعت میں ڈرون ٹیکنالوجی استعمال کرنے کی اجازت دے دی۔ ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال زرعی شعبہ میں انقلاب کا سبب بنے گا۔بغیر پائلٹ اڑنے والے چھوٹے طیارے یعنی ڈرونز زندگی کے مختلف شعبوں میں کامیاب استعمال کے بعد اب زرعی انقلاب کے خواب کی تعبیر کا سامان بھی کرتے دکھائی دیں گے۔

جدید ترین تحقیقات نے شعبہ زراعت میں بھی ڈرونز کی افادیت ثابت کردی ہے۔یہ ٹیکنالوجی زرعی ادویات کے استعمال ،جڑی بوٹیوں، نقصان دہ کیڑوں اور غذائی اجزاء کی کمی کی مانیٹرنگ ،ذرائع آبپاشی اور فصلوں کے جغرافیائی سروے کے ساتھ ساتھ زرعی پیداوار کے معیار اور مقدار میں اضافہ کے لیے خاص اہمیت کی حامل ہے۔ڈرونز کے استعمال میں دلچسپی رکھنے والے کاشتکار درخواست متعلقہ ضلعی ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع )کے دفتر میں جمع کروائیں گے جس میں ان مقاصد کی واضح نشاندہی کرنا ہو گی جن کے لیے ڈرون کا استعمال پیش نظر ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع )ان درخواستوں کو حتمی منظوری کے لیے متعلقہ ضلع کے ڈپٹی کمشنراور ڈی پی او پر مشتمل اعلیٰ سطحی کمیٹی (DIC)کے سامنے پیش کرے گا۔ متعلقہ DICایسے تمام کیسز پر ضروری کارروائی کے بعد جاری کردہ اجازت نامے (NOC)میں ڈرون کے زرعی استعمال کے لیے مقام، اوقات کار اور دورانیہ وغیرہ کی وضاحت بھی کر ے گی۔ ڈرون کے استعمال کی اجازت بارے حتمی فیصلہ تک پہنچنے کے لیے متعلقہ کمیٹی علاقہ میں واقع حساس مقامات اور تنصیبات کی سیکیورٹی جیسے معاملات کو بطور خاص پیش نظر رکھے گی۔

جبکہ زرعی مقاصد کے لیے ڈرون کے استعمال کے دوران آپریٹر کے ساتھ پولیس اہلکاربھی تعینات کیا جائے گا۔ متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹرزراعت (توسیع )درخواست دہندہ کو ڈرون کے استعمال بارے مطلوبہ NOCکی صورتحال بمعہ شرائط و ضوابط برائے زرعی استعمال کے لیے متوقع نتائج/معلومات سے بروقت آگاہ کرنے کا پابند ہو گا۔