شہر اور مضافات میں میڈیکل سٹورز،لیبارٹریز ،ڈینٹل کلینکس، کلیکشن پوائنٹس اور جعلی و مضر صحت سنیکس تیار کرنے والے یونٹس پر چھاپے

جمعہ 15 دسمبر 2017 23:16

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2017ء)ڈپٹی کمشنر کوہاٹ خالد الیاس کی ہدایت پرایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز صاحبزادہ سمیع اللہ اور طاہرعلی نے شہر اور مضافات میں میڈیکل سٹورز،لیبارٹریز ،ڈینٹل کلینکس، کلیکشن پوائنٹس اور جعلی و مضر صحت سنیکس تیار کرنے والے یونٹس پر الگ الگ چھاپوں کے علاوہ عوامی شکایات پر مختلف ترقیاتی منصوبوں کا بھی معائنہ کیا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق صاحبزادہ سمیع اللہ نے گمبٹ اورتوغ ایریاز میں جعلی اور مضر صحت سنیکس قبضے میں لے کر اسے تلف کردیا اور ذمہ داروں کے خلاف فوڈ سٹف ایکٹ کے تحت کارروائی کی جبکہ ترقیاتی کاموں سے متعلق اپنی رپورٹ ڈپٹی کمشنر کوہاٹ کو پیش کی۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ جعلی شکایات سے گریز کریں تاہم ان کی جائز شکایات کا ترجیحی بنیادوں پر ازالہ کیا جائے گا۔

ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر طاہر علی نے میڈیکل سٹورز،لیبارٹریز ،ڈینٹل کلینکس اور کلیکشن پوائنٹس پر چھاپے کے دوران 10غیر قانونی میڈیکل سٹورز اور کلینکس سیل کردیئے۔انہوں نے استرزئی بالا کے مقام پر 3ارب روپے سے زیادہ لاگت کے زیرتعمیر کوہاٹ ہنگو روڈ کا معائنہ اور کام کا معیار بھی چیک کیااور اس سلسلے میں اپنی رپورٹ اعلیٰ حکام کو پیش کر دی۔