کھیلوں کی سرگرمیاں انسانی زندگی کی ترقی اور قیام میں اہم کردار ادا کرتی ہیں ، ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری

کھیلوں سے نہ صرف لوگوں میں مقابلے کا رجحان پیدا ہوتا ہے بلکہ دبائو کے ماحول سے نکلنے میں بھی معاون ثابت ہوتے ہیں، آئی جی پی اسلام آباد

جمعہ 15 دسمبر 2017 23:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2017ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری نے کہا ہے کہ کھیلوں کی سرگرمیاں انسانی زندگی کی ترقی اور قیام میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور صحت مند معاشرے کی تعمیر میں مدد کرتی ہیں ۔کھیلوں سے نہ صرف لوگوں میں مقابلے کا رجحان پیدا ہوتا ہے بلکہ دبائو کے ماحول سے نکلنے میں بھی معاون ثابت ہوتے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری نے اسلام آباد پولیس میں انٹر ڈیژن لیول پر ہونے والے کرکٹ ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیااس موقع پر ایک افتتاحی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کاآغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا اس موقع پر ڈی آئی جی سکیورٹی وقار احمدچوہان ،ڈی آئی جی آپریشنز میر ویس نیاز،ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد ساجد کیانی ،،اے آئی جی سپیشل برانچ محمد الیاس،ایس ایس پی ٹریفک ملک مطلوب احمد،ایس ایس پی سکیورٹی جمیل احمد ہاشمی ،ایس ایس پی ہیڈ کواٹرزمحمد بن اشرف ،ایس پی سٹی شیخ زبیر احمد ،ایس پی صد ر عامر خان نیازی ،ایس پی ٹریفک خالد رشید ،ایس پی اسپیشل برانچ میڈیم ارسلہ سلیم کے علاوہ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں اورپولیس افسران و جوانوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

انٹر ڈویژن کرکٹ ٹورنامنٹ میں ایک افتتاحی کرکٹ میچ لاجسٹک ڈویژن اور آپریشنز ڈویژن کے درمیان کھیلا گیا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد نے کھیلوں کا کامیابی سے انعقاد کروانے پرایس ایس پی محمد بن اشرف، سپورٹس آفیسر محمد ایوب اعوان ،اسسٹنٹ سپورٹس آفیسر محمد طاہرکی تعریف کی اور کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں انسانی زندگی کی ترقی اور قیام میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور صحت مند معاشرے کی تعمیر میں مدد کرتی ہیں ۔

کھیلوں سے نہ صرف لوگوں میں مقابلے کا رجحان پیدا ہوتا ہے بلکہ دبائو کے ماحول سے نکلنے میں بھی معاون ثابت ہوتے ہیں ۔چونکہ پولیس افسران و جوان لوگوں کی جان و مال کے تحفظ ،جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور امن و عامہ کے قیام کے لئے مقررہ اوقات سے بھی زیادہ وقت کے لئے اپنے فرائض منصبی سرانجام دینے میں مصروف رہتے ہیں جس وجہ سے وہ ذہنی دبائو کا شکار ہو جاتے ہیں ۔

پولیس اہلکاروں کی توجہ ایک جیسی روزمرہ روٹین سے ہٹا کراورذہنی طور پر تھکا دینے والے امور سے وقتی طور پر ان کی ذہنی و جسمانی فٹنس کو برقرار رکھنے کے لئے کھیلوں کا انعقاد کرایا جارہا ہے ۔اس سے اہلکار ایک نئے جذبے او رولولے کے ساتھ فرائض منصبی سرانجام دے سکیں گے۔آئی جی اسلام آباد نے مزید کہا کہ مرد کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ خواتین پولیس اہلکار بھی ان کھیلوں کی سرگرمیوں میں بھرپورحصہ لیںگی۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ پولیس لائن ہیڈ کواٹرز میں فٹ بال ،کبڈی ،ریسلنگ،سکوائش،ہاکی اور دیگر کھیلوں کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :