اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی ترقیاتی ادارہ کے ڈیپوٹیشن افسر کی جانب سے بحالی سے متعلق دائر درخواست واپس لینے پر کیس نمٹا دیا

جمعہ 15 دسمبر 2017 23:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2017ء)اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی ترقیاتی ادارہ ( سی ڈی اے )کے ڈیپوٹیشن افسر کی جانب سے بحالی سے متعلق دائر درخواست واپس لینے پر کیس نمٹا دیا ہے۔جمعہ کو عدالت عالیہ کے جسٹس شوکت عزیر صدیقی نے سماعت کی اس موقع پر میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیزعدالت میں پیش ہوئے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر عدالت نے چیئرمین سی ڈی اے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے استفسار کیا کہ انہیں تحصیلدار مرزا سعید سے کوئی اچھا بندہ نہیں ملا تو شیخ عنصر عزیز نے جواب دیا کہ متعلقہ افسران کی طرف سے تجویز پر مذکورہ افسر کو ڈیپوٹیشن میں توسیع دی گئی ہے ۔فاضل جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ وہ کچھ کیسز میں اس تحصیلدار کے خلاف آبزرویشن دے چکے ہیں۔میئراسلام آباد نے موقف اختیار کیا کہ میں ذاتی طور پر اس کو نہیں جانتا۔

فاضل جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ جانتے نہیں تو توسیع کیسے دی۔ فاضل جج نے کہا کہ پچھلے پانچ سال سے کہہ رہا ہوں کہ سی ڈی اے کی حاضری مکمل کر کے دکھائیں۔شیخ عنصر عزیز نے جواب دیا کہ اس پر کام کر رہے ہیں جلد رپورٹ پیش کریں گے۔عدالت نے درخواست گزار کی جانب سے دائر درخواست واپس لینے پر کیس نمٹا دیا۔