پیپلز پارٹی کی جانب سے ملک میں نئے صوبے کے قیام کا اعلان

جمعہ 15 دسمبر 2017 23:04

پیپلز پارٹی کی جانب سے ملک میں نئے صوبے کے قیام کا اعلان
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2017ء) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ نیازی صاحب کی زبان کا مقابلہ فیض آباد دھرنے والے کرسکتے ہیں پی پی پی نہیں،خان صاحب اصولوں کی سیاست کے ساتھ سیاست کے اصول بھی سیکھیں،نوازشریف نئے نئے نظریاتی ہوئے ہیں ، میاں صاحب نے پارلیمنٹ کو اتفاق فائونڈری بنادیا ،اگر آج جمہوریت اور ادارے کمزور ہیں تو اس کی وجہ بھی آپ ہیں ،پنجاب کی بربادی کی وجہ شہبازشریف ہیں، پی پی جنوبی پنجاب کو صوبہ بناکر رہے گی۔

جمعہ کو ملتان میں جلسہ عام سے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ نوازشریف نئے نئے نظریاتی ہوئے ہیں ، میں ان سے پوچھتا ہوں کہ یہ وہی نظریہ تو نہیں جس کی قسم آپ نے ضیا الحق کی قبر پر کھائی تھی۔انہوں نے کہا کہ میاں صاحب نے پارلیمنٹ کو اتفاق فائونڈری بنادیا ،جس ایوان سے انہیں طاقت ملی اسے ہی بے توقیر کیا ،اگر آج جمہوریت اور ادارے کمزور ہیں تو اس کی وجہ بھی آپ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ یوتھ کی بات کرتے ہیں،پوچھتا ہوں آپ کی عمر کیا ہے خان صاحب اصولوں کی سیاست کے ساتھ سیاست کے اصول بھی سیکھیں۔پی پی چیئرمین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم ایشوز پر بات کرتے ہیں ، ذاتیات پر کیچڑ اچھالنا ہماری روایت نہیں ،نیازی سروسز نے جو اصلاحات متعارف کرائی اس کامقابلہ فیض آباد والے کر سکتیہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ خان صاحب آپ کا وزیر اعلیٰ سب سے عمر رسیدہ اور سندھ کا سب سے کم عمر ہے،آپ سن لو ،یہ میرا پہلا اور آپ کا آخری الیکشن ہوگا۔انہوں نے کہا کہ چھوٹے میاں صاحب کو ماڈل ٹائون کے قتل عام سمیت ،ہر ظلم اور کرپشن کا حساب دینا ہوگا،پنجاب کی بربادی کی وجہ شہبازشریف ہیں، پی پی جنوبی پنجاب کو صوبہ بناکر رہے گی۔بلاول بھٹو نے کہا کہ کس نے آگے بڑھتے ہوئے پاکستان کا راستہ روکا کس نے محنت کشوں کی روٹی پر ڈاکا ڈالا،وہ کون تھے جو آخری دم تک کانٹے چنتے رہے اور جمہوری راہداریوں کو صاف کرتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ دھرتی کے بیٹے تھے اور بینظیر کے جانثار تھے ،ان جیالوں اور وفاداروں کی تیسری نسل جواں ہوچکی ہے ،اسی نسل کا نمائندہ بن کر جنگ لڑنے کا اعلان کرتا ہوں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ن لیگ کے ساڑھے 4 سال میں سب سے زیادہ حملے زرعی معیشت پر ہوئے ،ورلڈ بینک کی رپورٹ کے مطابق پنجاب سب سے غیر مساوی صوبہ ہے ،راجن پور، بہاولپور جنوبی پنجاب کے پسماندہ ترین علاقے ہیں۔اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پورے ملک کو غذا فراہم کرنیوالے خود غذائی قلت کا شکار ہیں ،پانی کا بحران بڑھ رہاہے، زمین کی پیداوار کم ہورہی ہے،حکومتی پالیسی کی وجہ سے کسانوں کو نقصان ہورہاہے، عزم کرتے ہیں کسانوں کو ان کی پیداوار کا معاوضہ یقینی بنائیں گے۔