ضلع سکھر میں شروع ہونے والی پولیو کے خاتمے کی قومی مہم کا افتتاح

جمعہ 15 دسمبر 2017 23:04

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2017ء) کمشنر سکھر ڈویژن ڈاکٹر محمد عثمان چاچڑ نے ضلع سکھر میں شروع ہونے والی پولیو کے خاتمے کی قومی مہم کا افتتاح روٹری پبلک اسکول سکھر میں مختلف بچوں کو ویکسین کے قطرے پلاکر کیا۔ اس موقع پر کمشنر سکھر نے کہا کہ پولیو خلاف جنگ معاشرے کے ہر فرد کو ملکر لڑنی ہوگی، تب ہی اس موذی مرض او ر وائرس سے قوم کو چھٹکارا دلایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس جذبے سے پورے ملک میں چیچک کے موذی مرض کو ختم کیا گیا۔ اسی طرح کے جذبے سے پولیو کے وائرس کو بھی ختم کرناہوگا ۔ انہوں نے والدین اور پولیو ٹیموں کو کہا کہ وہ اپنی قومی ذمیداری محسوس کرتے ہوئے بچوں کو پولیو سے بچائو کی ویکسین کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز، ویکسینیٹرس اور ڈاکٹر پولیو مہم میں ریڑہ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، اس لئے انہیں اپنی ذمیداریوں کو بہتر طریقے سے سرانجام دینا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام پولیو ورکرز کو چاہیے کہ وہ گھر گھر جاکر پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو ذمیداری سے ویکسین کریں، اس سلسلے میں لاپرواہی برتنے والے عملے کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے جائینگے جبکہ اس سے قبل انہوں نے ڈی ایچ او سکھر سے پولیو مہم کے خاتمے کے سلسلے میں تفصیلی بریفنگ لی۔ بعد میں کمشنر سکھر ڈویژن ڈاکٹر محمد عثمان چاچڑ نے روٹری پبلک اسکول سے پولیو کے مرض کے خلاف آگاہی کے سلسلے میں ایک ریلی کی قیادت بھی کی۔

متعلقہ عنوان :