لالہ موسیٰ، امریکی فیصلے کے خلاف یوم تحفظ القدس منایا گیا

جمعہ 15 دسمبر 2017 23:00

لالہ موسیٰ۔15 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2017ء)القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے امریکی فیصلے کے خلاف ضلع بھر میں یوم تحفظ القدس منایا گیا اس موقع پر ضلع بھر میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں ،جبکہ میونسپل کارپوریشن آفس میں یوم تحفظ القدس کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈ پٹی کمشنر محمد علی رندھاوا ایم پی اے حاجی عمران ظفر ، اے ڈی سی جی شفقت رضا، اتحاد بین المسلمین کا عملی مظاہر ہ کرتے ہوئے کور امن کمیٹی کے ممبران تمام مسالک کے راہنمائوں نے شرکت کی۔

یوم تحفظ القدس کنونش کے شرکاء شہر کے مختلف علاقوں اور مساجد سے جلوس کی شکل میں میونسپل کارپوریشن آفس گجرات میں جمع ہوئے اور سیاسی و مذہبی راہنمائوں کی قیادت میں چوک نواب صاحب تک مارچ کیا ۔

(جاری ہے)

اس سے قبل یوم تحفظ القدس کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے میئر گجرات حاجی ناصر محمود، سید سعید شاہ گجراتی، پروفیسر سید سرفرازجعفری، ڈاکٹر طارق سلیم، سید الطاف الرحمان ، علامہ اصغر علی یزدانی، حکیم جواد الرحمان نظامی، صدر چیمبر آف کامرس علی انصر گھمن نے بیت المقدس کو صہیونی ریاست کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے فیصلے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور امریکی صدر ٹرمپ کے اقدام کو عالم اسلام کے خلا ف گہری سازش قرار دیااورکہا کہ قبلہ اول کی حفاظت و حرمت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے جس کے لئے وہ اپنی جان تک قربان کرنے کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے اس اہم ایشو پر مضبوط موقف اختیار کیا ہے اور مطالبہ کیا کہ پاکستان بیت المقدس کے اس اہم ایشو پر قائدانہ کردار اد ا کرے۔ علما کرام و مقررین نے کہا کہ پاکستان کے غیور عوام فلسطین، کشمیر سمیت دنیا بھر کے مظلوم مسلمانو ں کے ساتھ ہیں اور ہر فورم پر انکی آواز بلند کرتے رہیں گے۔