سپریم اپیلٹ کورٹ گلگت بلتستان نے چیف کورٹ کے فیصلے کو بر قرار رکھتے ہوئے آغا خان ہیلتھ سنٹر علی آباد ہنزہ سے بر طرف سینئر ایل ایچ وی نیلوفر کو تمام واجبات کیساتھ ملازمت پر بحال کرنیکا فیصلہ دیدیا

جمعہ 15 دسمبر 2017 22:58

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 دسمبر2017ء) سپریم اپیلٹ کورٹ گلگت بلتستان نے چیف کورٹ کے فیصلے کو بر قرار رکھتے ہوئے آغا خان ہیلتھ سنٹر علی آباد ہنزہ سے بر طرف سینئر ایل ایچ وی نیلوفر کو تمام واجبات کیساتھ ملازمت پر بحال کرنے کا فیصلہ دیدیا ۔ چیف جج ڈاکٹر رانا محمد شمیم اور جسٹس جاوید اقبال پر مشتمل دو رکنی بینچ نے فیصلہ سنا کر چار صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کر دیا ،اس موقع پر سینئر ایل ایچ وی نیلوفر کے کونسل کفایت الرحمن ایڈووکیٹ نے اوصاف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے موکل نیلوفر کو غیر قانونی اور من پسند انکوائری کے ذریعے بر طرف کیا گیا تھا کیونکہ جب علی آباد ہیلتھ سنٹر میں نومولود بچی کے دوران جوحادثہ لیڈی ڈاکٹر ، ہیڈ نرس سمیت دیگر سٹاف بھی موجود تھے جبکہ دوران انکوائری ان تمام کے کردار کو نظر انداز کیا گیا تمام تر ذمہ داری میرے موکل نیلوفر پر عائد کی گئی حالانکہ سینئر کی موجودگی میں جونئیر کو سزا نہیں دی جاتی ہے ، مزید بتایا کہ میرے موکل سینئر ایل ایچ وی نیلوفر کی ماضی کی 22سال ملازمت تسلی بخش ہے جسکو ہر گز نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ جب بچی کی پیدائش کے فوراً بعد گرمی کی شدت سے جو حادثات رونما ہوا تھا اسکی علاج کیلئے علی آباد سنٹر سے گلگت آغا خان ہیلتھ سنٹر منتقل کیا گیا تھا مگر وہاں پر سپیشلسٹ ڈاکٹر چھٹی پر ہونے کے باعث انکی باقاعدہ علاج نہ ہونے کی وجہ سے بچی کو زیادہ نقصان ہوا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے من پسند اور حقائق کے بر خلاف انکوائری کو چیف کورٹ میں چیلنج کیا تھا جو کہ دو رکنی بنچ نے مقدمے کی سماعت کرتے ہوئے ریکارڈ اور حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے آغا خان ہیلتھ سنٹر کی سینئر ایل ایچ اوی نیلوفر کو تمام تر واجبات کی ادائیگی سمیت ملازمت پر بحال کر دیا تھا جسکے خلاف آغا خان ہیلتھ سروسز گلگت بلتستان سپریم اپیلیٹ کورٹ میں اپیل پر گئے تھے جس پر گزشتہ دنوں چیف جسٹس ڈاکٹر رانا محمد شمیم اور جسٹس جاوید اقبال نے مقدمے کی سماعت کرتے ہوئے آغا خان ہیلتھ سروسز گلگت بلتستان کے منیجر ہیومن ریسورس محمد شفاء کے دلائل سن کر سینئر ایل ایچ وی نیلوفر کو تمام واجبات کی ادائیگی سمیت ملازمت پر بحال کرنیکا فیصلہ سنا دیا ۔

متعلقہ عنوان :