Live Updates

جہانگیر ترین کے فیصلے پر افسوس ہوا، نظرثانی اپیل دائر کریں گے،عمران خان

خوشی ہے کہ میری ساری منی ٹریل مل گئی،عدالت نے مجھے بری کر دیا، مجھے دکھ ہوتا تھا جب نواز شریف سے میرا موازنہ کیا جاتا تھا، جہانگیر ترین ملک میں سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنیوالا واحد شخص ہے، جہانگیر ترین کے خلاف فیصلہ تکنیکی بنیادوں پر کیا گیا ، میں نے کوئی کرپشن نہیں کی، حدیبیہ کا فیصلہ میرٹ پر نہیں ہوا، نیب نے کیس کی صحیح طریقے سے عدالت میں پیروی نہیں کی، ہمارے ہیلی کاپٹر یا جہاز کا پیسہ پارٹی دیتی ہے کوئی فرد واحد نہیں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 15 دسمبر 2017 22:16

جہانگیر ترین کے فیصلے پر افسوس ہوا، نظرثانی اپیل دائر کریں گے،عمران ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 دسمبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین کے فیصلے پر افسوس ہوا، ہم نظرثانی اپیل دائر کریں گے،خوشی ہے کہ میری ساری منی ٹریل مل گئی اور عدالت نے مجھے بری کر دیا، مجھے دکھ ہوتا تھا جب نواز شریف سے میرا موازنہ کیا جاتا تھا، جہانگیر ترین واحد شخص ہے جو اس ملک میں سب سے زیادہ ٹیکس دیتا ہے، جہانگیر ترین کے خلاف فیصلہ تکنیکی بنیادوں پر کیا گیا ہے، میں نے کوئی کرپشن نہیں کی، حدیبیہ کا فیصلہ میرٹ پر نہیں ہوا، نیب نے کیس کی صحیح طریقے سے عدالت میں پیروی نہیں کی، ہمارے ہیلی کاپٹر یا جہاز کا پیسہ پارٹی دیتی ہے کوئی فرد واحد نہیں۔

جمعہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ میں ایک سال کیس چلا جو کرکٹ کھیلتا تھا اور حلال کا پیسہ بیچ کر پاکستان لایا، ساری منی ٹریل مل گئی اور ثبوت بھی مل گئے، 60دستاویز عدالت میں جمع کرائے، نوازنے 300ارب روپے ملک سے باہر بھیجا اور ایک دستاویز دی صرف جو قطری خط تھا، قطری خط ایک فراڈ تھا، مجھے نواز شریف کے ساتھ مقابلے کئے جانے پر تکلیف ہوئی، نواز شریف نے ہمیشہ مجھ پر انگلیاں اٹھائیں، عدالت نے مجھے بری کر دیا، مجھے جہانگیر ترین کا افسوس ہوا، کیونکہ وہ ملک میں سب سے زیادہ ٹیکس دیتا ہے، جہانگیر ترین کی جائیداد بچوں کے نام پر تھی، ہم عدالت کا فیصلہ تسلیم کرتے ہیں، مجھے افسوس ہے کہ ملک میں جو ایمانداری سے پیسہ کماتا ہے اس کا مواز نہ کرپٹ لوگوں سے نہ کیا جائے، یہ نواز شریف صرف ایک قطری لے کر سامنے آئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چوروں اور دیانتداروں کا موازنہ کرنا جرم ہے، میڈیا کے ایک چینل نے چور کو بچانے کی کوشش کی، میں اس چینل پر کیس کروں گا، مجھے پاکستان کے لوگ پیسہ دیتے ہیں اور لوگوں کے سامنے میرا سب کچھ سامنے آ گیا ہے، حدیبیہ کا فیصلہ میرٹ پر نہیں ہوا، نیب نے کیس کی صحیح طریقے سے عدالت میں نہیں چلایا، ہماری پارٹی ہیلی کاپٹر یا جہاز کیلئے پیسے دیتی ہے، ہمیں جہانگیر ترین پر اعتماد ہے اور ہمیں کوئی شک نہیں ہے، ہم جہانگیر ترین فیصلے کے خلاف نظر ثانی اپیل دائر کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات