سپریم کورٹ، اربوں روپے بدعنوانی کے الز ام میں زیرحراست شرجیل میمن کی درخواست ضمانت کی سماعت جنوری کے پہلے ہفتے تک ملتوی

جمعہ 15 دسمبر 2017 22:15

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2017ء) سپریم کورٹ نے اربوں روپے کی بدعنوانی کے الز ام میں زیرحراست سندھ کے سابق وزیر اطلاعا ت شرجیل انعام میمن کی جانب سے ضمانت کیلئے دائر درخواست پر وفاق کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مزید سماعت جنوری کے پہلے ہفتے تک ملتوی کردی۔ جمعہ کو جسٹس آصف سعید کھوسہ اور جسٹس دوست محمد خان پر مشتمل دو رکنی بنچ نے شرجیل میمن کی درخواست کی سماعت کی۔

اس موقع پر شرجیل میمن کے وکیل نے عدالت کے استفسار پر بتایا کہ جیل انتظامیہ نے سندھ حکومت کو شرجیل میمن کی بیماری کا جیل میں علاج نہ ہونے کے بارے میں لکھ دیا تھا، جس کے بعد ملزم کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جس پرجسٹس آصف سعید خان کھوسہ نے کہاکہ آخر کیوں نیب کے ہاتھوں گرفتار افراد فورًا بیمار ہو جاتے ہیں، نیب کو چاہیے کہ ایسے لوگوں کیلئے جدید ہسپتال بنائے جہاں اس قسم کے لوگوں کا علاج کرایا جائے، میڈیا رپورٹوںکے مطابق شرجیل میمن کو ہسپتال کا پورا فلور دیا گیا ہے، قانون بیمار لوگوں کو ہسپتال منتقل کرنے کی اجازت دیتا ہے لیکن لوگ اس کا غلط استعمال کر رہے ہیں، دوسری جانب ایک روایت بن گئی ہے کہ میڈیکل بورڈ نے ملزمان کی حمایت شروع کردی ہے، اسی لیے عدالتیں محتاط ہوگئی ہیں۔

(جاری ہے)

بعد ازاں فاضل عدالت نے وفاق کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مزید سماعت ملتوی کردی۔