Live Updates

عمران خان کے فیصلے پر یقین تھا کہ وہ نااہل نہیں ہوں گے ، ان کی دیانت پر کسی کو کوئی شک نہیں ‘ تحریک انصاف

جہانگیر ترین کیس کا فیصلہ ریکارڈ کے مطابق نہیں ، وہ پاکستان کے ٹیکس ادا کرنے والے شہری ہیں ان کے کیس سے تاثر جائے گا کہ نواز شریف اور جہانگیر ترین میں مماثلت ہے‘شفقت محمود ، محمود الرشید اور اعجاز چوہدری کامشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب

جمعہ 15 دسمبر 2017 21:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2017ء) تحریک انصاف نے کہاکہ سپریم کورٹ میں تاریخی دن ہے عمران خان کے فیصلے پر خیر مقدم کرتے ہیں ، عمران خان کے فیصلے پر یقین تھا کہ وہ نااہل نہیں ہوں گے ، عمران خان نے تمام دستاویزات دیں، عمران خان کی دیانت پر کسی کو کوئی شک نہیں ، افسوس ہے کہ جہانگیر ترین کیس کا فیصلہ ریکارڈ کے مطابق نہیں تھا ، جہانگیر ترین پاکستان کے سب سے بڑے ٹیکس ادا کرنے والے شہری ہیں لیکن ان کے کیس سے تاثر جائے گا کہ نواز شریف اور جہانگیر ترین میں مماثلت ہے۔

ان خیالات اظہارتحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شفقت محمود ، اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میا ںمحمود الرشید اور اعجاز چوہدری نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ جبکہ اس موقع پر شعیب صدیقی، نعمان چٹھہ ،جمشید بٹ،عائشہ چوہدری اور راشد ریاض بھی موجودتھے۔

(جاری ہے)

شفقت محمود نے کہاکہ 300ارب روپے نواز شریف باہر لے کر گئے اور جعلی قطری خط پیش کیا گیا ، جہانگیر ترین کیس میں سب ثبوت دئیے بینک کے ذریعے بھی دستاویزات دی گئیں، جہانگیر ترین کے پیسے صاف اور شفاف طریقے سے باہر منتقل کئے گئے ، عمران خان کا حسب توقع فیصلہ آیا لیکن اس فیصلے کو کل سٹڈی کریں گے ، کل پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس ہو گا جس میں فیصلے پر نظر ثانی کی جائے گی ، عمران خان کے پاس سرکاری عہدہ نہیں رہا تو فیصلہ صاف شفاف تھا ، ن لیگ نے اس کیس کو سیاسی طور پر استعمال کرنے کی کوشش کی ، اربوں روپے کی جائیدادوں پرکوئی ثبوت نہیں دئیے گئے، قانونی پہلوئوں کاجائزہ لینے کے بعد لائحہ عمل طے کریں گے ، پارٹی کی سینئرہنما سلونی بخاری کی رحلت کی وجہ سے خوشی نہیں منا رہے ، عدالت سیاسی نہیں قانونی بنیادوں پر فیصلے کرتی ہے لیکن جہانگیر ترین کا حال اور ماضی شفاف ہے ، ججز کی عزت پر ن لیگ حملہ آور ہے اور ہم فیصلے پر اپنی رائے دے رہے ہیں اس فیصلے کو متنازعہ نہیں بنانا چاہتے ۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمود الرشیدنے کہاکہ حدیبیہ پیپر ملز کیس میں نیب کی نا اہلی کی وجہ سے اربوں کھربوں روپے کی کرپشن میں ملوث شہباز شریف کو بچایا گیا ، نیب کی جانب سے غیر جانبدارانہ کرپشن کے خلاف کوششوں پر نشان لگ گیا ہے۔ اعجازاحمدچوہدری نے کہاکہ عمران خان آج سرخرو ہوئے ہیں، پاکستان ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کے اندر پیغام گیا ہے کہ چیئرمین عمران خان کبھی کسی بددیانتی میں شامل نہیں رہے اور پاکستان میں اب ان کے سوا کوئی اور لیڈر نہیں ہے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات