منشیات ایک ناسور ہے جو کہ ہماری نسل کو دیمک کی طرح کھا رہا ہے،سعید احمد منگنیجو

جمعہ 15 دسمبر 2017 21:30

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 دسمبر2017ء) ڈویژنل کمشنر حیدرآباد سعید احمد منگنیجو کہا ہے کہ منشیات ایک ناسور ہے جو کہ ہماری نسل کو دیمک کی طرح کھا رہا ہے ۔ اس لیے منشیات فروشوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کر کے منشیات کو جڑ سے ختم کیا جائے تاکہ ہم اپنی آیندہ نسل کو اس ناسور سے محفوظ رکھ سکیں ۔ یہ بات انہوں نے شہباز ہال حیدرآباد میں ڈویژنل نارکوٹکس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پرڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز ، ایکسائیز ، ایجوکیشن ، پولیس سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر نے کہا کہ 2010 میں اینٹی ناکوٹکس ایکٹ پاس کیا گیا تھا جس کے تحت مذکورہ کمیٹیاں تشکیل دی گئی تھیں۔ اجلاس میں تمام اضلاع کی کارکردگی پر بحث کی گئی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ مذکورہ ایکٹ کے تحت عوام الناس میں منشیات کے نقصانات سے متعلق آگاہی فراہم کرنا شامل ہے انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع کے ہسپتالوں میں منشیات کے عادی مریضوں کے لیے علیحدہ وارڈ کا انتظام بھی کیا جائے تاکہ منشیات کے مریضوں کا احسن طریقے سے علاج ممکن ہو سکے ۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ شراب خانوں کی سخت نگرانی کریںجبکہ مین پوری اور گٹکا فروشوں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ 15 روز کے اندر اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کریں ۔

متعلقہ عنوان :