ٹرشری کیئر ہسپتالوں میں بستروں کے تناسب سے پی جی ڈاکٹرزکی سیٹیوں میں اضافہ کیا جا رہاہے‘خواجہ سلمان رفیق

ماضی میں چار سال میں 4 ہزارسیٹیں دی جاتی تھیں اب ایک سال میں 35 سوپی جی کی سیٹیں دی جا رہی ہیں‘ وزیر صحت

جمعہ 15 دسمبر 2017 21:24

ٹرشری کیئر ہسپتالوں میں بستروں کے تناسب سے پی جی ڈاکٹرزکی سیٹیوں میں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2017ء) صوبائی وزیرسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر سیکٹر میں بڑے بڑے پراجیکٹس کی تکمیل سے ٹیچنگ ہسپتالوں میں تقریباً 25 سو بستروں کا اضافہ ہوا ہے لہٰذا متعلقہ ٹرشری کیئر کے اداروں میں بستروں کی اضافی تعداد کے تناسب سے پوسٹ گریجوایٹ تربیتی ڈاکٹرز کی سیٹیوں میں بھی اضافہ کیا جا رہاہے۔

اُنہوں نے یہ بات سیکرٹری ہیلتھ نجم احمد شاہ کے ہمراہ نئے سال کیلئے پوسٹ گریجوایٹ انڈکشن حکمت عملی طے کرنے کے سلسلہ میں کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر ساجد محمود چوہان، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل، وائس چانسلر پنجاب میڈیکل یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر سردار فرید ظفر ، پرنسپل سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز پروفیسر محمود ایاز، پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج / پی جی ایم آئی پروفیسر غیاث النبی طیب، پروفیسر سید محمد اویس، ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن راجہ منصور، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر سلمان شاہد، پی آئی ٹی بی کے ڈائریکٹرمسٹر بدر اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

سیکرٹری ہیلتھ نجم احمد شاہ نے کہا کہ ماضی میں پوسٹ گریجوایٹ ٹرینی پروگرام کے چار سال میں چار ہزار سیٹیں دی جاتی تھیں جبکہ گزشتہ دو سال کے دوران سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے شعبہ میں اصلاحات، آن لائن سینٹرل انڈکشن پالیسی کی بدولت ہر سطح پر میرٹ اور ٹرانسپرنسی ممکن ہوئی ہے اور نئے پراجیکٹس مکمل ہونے سے پی جی ٹرینی ڈاکٹرز کی ایک سال میں 3500 سیٹیں دی جا رہی ہیں جو ایک تاریخی اقدام ہے جس کیلئے محکمہ صحت کی پوری ٹیم نے بڑی محنت اور دیانتداری سے دن رات کام کیا ہے۔