16 دسمبر 2014ء کا دن ملکی تاریخ میں سیاہ یوم کے طور پر یاد رکھا جائے گا

جب بربریت اور سفاکیت کے علمبرداروں کی جانب سے آرمی پبلک سکول پشاور میں معصوم بچوں کو نشانہ بنایا گیا،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم نے جان و مال کی جو قربانیاں پیش کی ہیں وہ شاید ہی کسی دوسری قوم نے دی ہوں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا سانحہ اے پی ایس کی یاد کے موقع پر پیغام

جمعہ 15 دسمبر 2017 21:03

16 دسمبر 2014ء کا دن ملکی تاریخ میں سیاہ یوم کے طور پر یاد رکھا جائے گا
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ 16 دسمبر 2014ء کا دن ملکی تاریخ میں سیاہ یوم کے طور پر یاد رکھا جائے گا جب بربریت اور سفاکیت کے علمبرداروں کی جانب سے آرمی پبلک سکول پشاور میں معصوم بچوں کو نشانہ بنایا گیا، حصول ِتعلیم کیلئے جانے والے معصوم جب واپس لوٹے تو ان میں سے بہت ساروں نے شہادت کی قبا اوڑھ رکھی تھی اور ان کی ایک بڑی تعداد زخموں سے چور اور ذہنوں میں بزدل دشمن کی سفاکیت کے نقوش لئے ہوئے تھی، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم نے جان و مال کی جو قربانیاں پیش کی ہیں وہ شاید ہی کسی دوسری قوم نے دی ہوں۔

سانحہ اے پی ایس کی یاد کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس نے پاکستانی قوم میں دہشت گردی کے خلاف تاریخ ساز وحدت کو جنم دیا، اس دل سوز اور دل خراش واقعہ کے نتیجہ میں پوری قوم نے کامل یکسوئی کے ساتھ دہشت گردی کے عفریت کے خلاف فیصلہ کن معرکہ لڑنے کا مصمم ارادہ کر لیا۔

(جاری ہے)

نیشنل ایکشن پلان کے تحت ہماری بہادر افواج اور سیکورٹی اداروں نے دہشت گردوں کو شکستِ فاش دی۔

اِن کی دِن رات محنت اور قربانیوں کی بدولت آج پاکستان میں دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے، معصوموں کا خون رنگ لایا ہے اور آج پاکستانی قوم اقوامِ عالم میں وہ واحد قوم نے جس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس کے نتیجہ میں ہم سے بچھڑ جانے والوں کی یاد ایک کسک بن کر ہمارے دلوں میں ہمیشہ موجود رہے گی، آج کا دن ہمیں یاد دلاتا رہے گا کہ وطنِ عزیز کو دہشت گردی سے پاک کرنے کیلئے ہم نے اپنے کیسے کیسے ہیرے قربان کئے۔

یہ دن ان معصوموں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور ان کے غمزدہ والدین کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کا دن ہے، قوم ان معصوموں کی لازوال قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج کا یہ دن دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کے اعادہ کا دن بھی ہے، یہ دن ہمیں متوجہ کرتا رہے گا کہ ہم اپنی صفوں پر نگاہ رکھیں اور خبردار رہیں کہ کوئی پاکستان میں انتہاء پسندی کے بیج نہ بو سکے، انتہاء پسندی ہی وہ درخت ہے جس پر دہشت گردی کا زہریلا پھل لگتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے اپنے معصوم شہیدوں، افواجِ پاکستان، پولیس اور دیگر سیکورٹی اداروں کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے اور اِس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ شہدا ء کے خون سے لکھے جانے والے اِس باب کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ آئیں آج ہم یہ عہد کریں کہ ہم سب مل کر پاکستان کو ایک ایسا جمہوری معاشرہ بنائیں گے جہاں مذہب، فرقہ واریت، لسانیت، رنگ و نسل یا کسی بھی عنوان سے تشدد اور انتہاء پسندی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔