حافظ آباد، جعلی مہریں لگا کر طالب علمو ں سے لاکھوں روپے فیسیں بٹورنے والے کلرک کے خلا ف محکمانہ کاروائی شروع

تعلیمی بورڈ گوجرانوالہ کا سینئر کلرک نصر اقبال عر صہ دراز سے بینک کی جعلی مہریں لگا کر طالب علموں سے بھاری فیسیں وصول کرنے کے ساتھ ساتھ بورڈ کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچا چکا ہے

جمعہ 15 دسمبر 2017 19:56

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 دسمبر2017ء) نجی بینک کی جعلی مہریں لگا کر طالب علمو ں سے لاکھوں روپے فیسیں بٹورنے والے تعلیمی بورڈ گوجرانوالہ کے سینئر کلرک نصر اقبال کے خلاف محکمانہ انکوائری شروع کر دی گئی ۔تعلیمی بورڈ کا ملازم نصر اقبال عر صہ دراز سے بینک کی جعلی مہریں لگا کر طالب علموں سے بھاری فیسیں وصول کرنے کے ساتھ ساتھ بورڈ کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچا چکا ہے ۔

محلہ بہاولپورہ حافظ آباد کے رہائشی ،تعلیمی بورڈ گوجرانوالہ کے سینئر کلرک نصر اقبال نے نواحی گائوں رسول پور تارڑ کے طالب علموں ابو بکر وغیرہ سے بورڈ تبدیلی کیلئے این او سی کے اجراء کیلئے ہزاروںروپے فیسیں وصول کیں اور انہیں حبیب بینک بورڈ برانچ کی جعلی مہریں لگا کر فیس وصولی کی رسیدیں دے دیں۔

(جاری ہے)

مذکورہ طالب علموں نے اپنے این او سی کیلئے درخواست فارم جب تعلیمی بورڈ میں جمع کروایا تو وہاں فیسیں جمع نہ ہونے اور بینک کی جعلی مہریں ثابت ہونے کا انکشاف ہوا۔

جس پر سینئر ڈپٹی کنٹرولر عبد الوحید سندھو اور اسسٹنٹ کنٹرولر میاں غلام قادر پر مشتمل انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ۔ انکوائری کمیٹی کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق چلان فارم پر لگائی جانے والی بینک کی مہریں جعلی ہیں فیس کی وصولی کا اندراج بینک کی کسی برانچ میں بھی نہیں او ر نہ ہی بورڈ میں اس کا کوئی ریکارڈ ہے ۔انکوائری کمیٹی نے مذکورہ طالب علموں کے بھی بیانات ریکارڈ کئے جن میں انہوں نے بتایا کہ انہوں نے این او سی حاصل کرنے کیلئے سینئر کلرک نصر اقبال کو بورڈ کی مقررہ فیسوں سے بھی زائد پیسے دیئے تھے لیکن انہیں بینک کی جعلی مہریں لگا کر رسیدیں واپس کی گئیں۔

جبکہ ان کے چالان فارم کا بینک اور بورڈ میں کوئی ریکارڈ نہیں۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ سینئر کلرک عرصہ دراز سے مختلف طالب علموں سے بورڈ کی فیسیں وصول کر کے انہیں جعلی مہریں لگا کر انہیں چالان فارم دیتا رہا ہے ۔جس سے طالب علموں کا تعلیمی مستقبل بھی دائو پر لگ گیا ہے۔ متاثرہ طالب علموں نے وزیر تعلیم رانا مشہود احمد، چیئر مین بورڈ سمیت دیگر حکام سے اپیل کی کہ مذکورہ کلرک کے خلاف ایف آئی اے اور اینٹی کرپشن میں کیس بھجوا کر اس کے خلاف سخت محکمانہ اور قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔

متعلقہ عنوان :