قوم شہدائے اے پی ایس کی عظیم قربانی کو کبھی نہیں بھلا پائے گی،شہبازشریف

آرمی پبلک سکول پشاور میں شہید ہونیوالے بچے اور اساتذہ پوری قوم کے ہیرو رہیں گے، شہداء کے بہنے والے خون سے قوم کو امن نصیب ہوا ہے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، وزیراعلیٰ کا آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کی تیسری برسی کے موقع پر پیغام

جمعہ 15 دسمبر 2017 19:28

قوم شہدائے اے پی ایس کی عظیم قربانی کو کبھی نہیں بھلا پائے گی،شہبازشریف
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 دسمبر2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کی تیسری برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ16دسمبر2014 کو سفاک درندوں نے آرمی پبلک سکول پشاورمیں معصوم بچوں کو بدترین بربریت کا نشانہ بنایا اور ان معصوم بچوں کے لہو سے پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اکٹھی ہوئی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میںاتحاد اور اتفاق سے کئے جانے والے فیصلوں کے باعث شاندار کامیابیاں ملی ہیں اور آج وطن عزیز میں امن قائم ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آرمی پبلک سکول پشاور کے بچوں اور اساتذہ نے عظیم مقصدکے حصول کیلئے اپنی جانوں کی عظیم قربانی دی اوربہادری وجرأت کی نئی تاریخ رقم کی ۔ شہید ہونیوالے بچے اور اساتذہ پوری قوم کے ہیرو ہیں اور رہیں گے ۔

(جاری ہے)

سانحہ اے پی ایس میں معصوم بچوں کی شہادت پر پوری قوم آج بھی سوگوارہے اورقوم شہدائے اے پی ایس کی عظیم قربانی کو کبھی نہیں بھلا پائے گی ۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شہداء کے بہنے والے خون سے قوم کو امن نصیب ہوا ہے۔آرمی پبلک سکول کے بچو ں نے محفوظ اورپرامن پاکستان کیلئے اپنے لہو سے تاریخ لکھی ہے ۔ شہید بچوں کے خون کا قرض پاک دھرتی سے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کرکے اتارنا ہے۔انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے بعد آپریشن رد الفساد کے ذریعے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی گئی ہے ۔دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ برداشت و میانہ روی پر مبنی پاکستانی معاشرے کا قیام ہمارا مشن ہے اور قائداعظمؒ کا یہ عظیم مقصد ضرور حاصل کریں گے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پوری قوم آج آرمی پبلک سکول پشاورکے عظیم شہداء کی لازوال قربانیوں کو بھر پور اندا ز میں خراج عقیدت پیش کررہی ہے اور ہماری تمام تر ہمدردیاں شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔