اساتذہ اپنی تمام ترتوجہ تعلیم و تحقیق کی کوششوں کو تیز کرنے کیلئے صرف کریں،طلبہ کو زیادہ سے زیادہ تحقیقی سہولتیں فراہم کریں، وائس چانسلر جامعہ اردو

جمعہ 15 دسمبر 2017 19:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2017ء) اساتذہ اپنی تمام ترتوجہ تعلیم و تحقیق کی کوششوں کو تیز کرنے کیلئے صرف کریںاور طلبہ کو زیادہ سے زیادہ تحقیقی سہولتیں فراہم کریں۔ان خیالات کا اظہار وفاقی اردو یونیورسٹی کے شیخ الجامعہ ڈاکٹر سیدالطاف حسین نے شعبہ حیاتی کیمیاء کی کلینیکل کیمسٹری اور ہیماٹولوجی ریسرچ لیب کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے اساتذہ اور طلبہ دنیا میں ہونے والی تبدیلیوں کے مطابق اپنے تحقیقی عمل کو تیزی سے مکمل کریں اور جامعہ کا نام روشن کریں۔اس موقع پر شیخ الجامعہ نے دیگر شعبوں میں قائم لیبارٹریز کا بھی دورہ کیا اور وہاں درپیش مسائل پر اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے شعبہ حیاتی کیمیاء کی ڈاکٹر نزہت کو مبارکباد پیش کی اور ان کی کوششوں کو سراہا ۔

(جاری ہے)

پروگرام میں رئیس کلیہ سائنس پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق ،ڈاکٹر افتخار احمدطاہری، شعبہ حیاتی کیمیاء کی اسسٹنٹ پروفیسرڈاکٹر نزہت سمیت مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پرڈاکٹر نزہت فاطمہ نے شیخ الجامعہ کو لیب سے متعلق معلومات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے یہ لیب نیشنل ریسرچ پروجیکٹ یونیورسٹیز (NRPU)سے حاصل ہونے والی گرانٹ سے تشکیل دی۔

اس لیب میں کلینیکل بائیوکیمسٹری اور ہیماٹولوجی سے متعلق ریسرچ ورک کیا جائیگا۔یہ شعبہ حیاتی کیمیاء کی پہلی ایچ ای سی کے فنڈز سے تشکیل کردہ جدید سہولتوں سے آراستہ ریسرچ لیب ہے۔جس سے نہ صرف شعبہ حیاتی کیمیاء بلکہ دوسرے سائنسی مضامین سے تعلق رکھنے ولے طلباء و طالبات بھی مستفید ہوں گے۔ پروگرام کے اختتام پر ڈاکٹر نزہت فاطمہ نے شیخ الجامعہ ڈاکٹر سیدالطاف حسین، رئیس کلیہ سائنس ڈاکٹر روبینہ مشتاق اورمختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :