ہم اپنے بچوں کو پولیو قطرے پلوا کر اس موذی مرض سے ہمیشہ کیلئے چھٹکارا حاصل کر سکتے ہیں،کمشنر ڈیرہ عبد الغفور بیگ

جمعہ 15 دسمبر 2017 19:19

ڈیرہ اسماعیل خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 دسمبر2017ء) کمشنر ڈیرہ عبد الغفور بیگ نے کہا ہے کہ انسداد پولیو مہم کے دوران ہم اپنے 5سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلوا کر پولیو جیسے موذی مرض سے ہمیشہ کیلئے چھٹکارا حاصل کر سکتے ہیں۔ وہ جمعہ کو اپنے دفتر میں ڈیرہ ڈویژن میں رواں ماہ کی 18تاریخ سے شروع ہونے والی سہ روزہ پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے سے متعلق منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔

اجلا س میں ڈی سی ڈیرہ، ٹانک، اے پی اے سائوتھ وزیرستان ایجنسی، سیکرٹری ٹو کمشنر،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، ای پی آئی کے انچارج، ڈبلیو ایچ او کے نمائندوں، ایجنسی سرجن ڈیرہ، ٹانک، ایف آر ڈیرہ، ٹانک، ایس ڈبلیو اے کے ڈاکٹر و دیگر متعلقہ محکموں کے سربراہان و نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اجلاس کو رواں ماہ کی 18تاریخ سے شروع ہونے والی سہ روزہ انسداد پولیو مہم سے متعلق اٹھائے گئے اقدامات اور ان کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر کمشنر ڈیرہ عبد الغفور بیگ نے کہا کہ پولیو جیسے موذی مرض کے قلع قمع کیلئے معاشرے کے تمام افراد اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔ گزشتہ مہموں کے دوران پائے جانے والے نقائص دور کرنے کی کوشش کریں، ریفیوزل کیسز پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ یونین کونسل کی سطح پر پورے ڈیرہ ڈویژن بشمول فاٹا ڈیرہ ، ٹانک اور سائوتھ وزیرستان میں انسداد پولیو مہم کی کامیابی کیلئے محکمہ صحت کی طرف سے انسداد پولیو کے قطرے پلانے والی ٹیمیں گھر گھر جا کر 5سال تک کی عمر کے بچوں کوانسداد پولیو کے قطرے پلوائیں گی، تمام محکمے مہم کی کامیابی کیلئے باہمی تعاون کا مظاہرہ کریں۔

مانیٹرنگ کے نظام کو مربوط بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں، اس قومی کازکی انجام دہی میں کوئی محکمہ یا اہلکار غفلت کا مرتکب پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیو ٹیموں کی سیکورٹی کیلئے بہتر انتظامات کیے جائیں تاکہ پولیو ورکر بلا خوف و خطر اپنے فرائض سرانجام دے سکیں۔انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ اہداف کے حصول کیلئے تمام کوششیں بروئے کار لائیں۔

متعلقہ عنوان :