وفاق کی جانب سے فاٹا کا خیبر پختونخوا کے انضمام پر تاخیری حربوں سے تاثر پیدا ہورہاہے حکومت اس اہم ایشوپر سنجیدہ نہیں محض 2سیاسی جماعتوں کو خوش کرنیکی اڑ میں پختون قوم اتحاد کو نقصان پہنچا رہی ہے، آفتاب احمد خان شیرپاؤ

جمعہ 15 دسمبر 2017 19:18

وفاق کی جانب سے فاٹا کا خیبر پختونخوا کے انضمام پر تاخیری حربوں سے تاثر ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 دسمبر2017ء) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہاہے کہ وفاق کی جانب سے مسلسل فاٹا کا خیبر پختونخوا کے انضمام کے معاملہ پر تاخیری حربوں سے تاثر پیدا ہورہاہے کہ حکومت اس اہم ایشوپر سنجیدہ نہیں ہے،محض دو سیاسی جماعتوں کو خوش کرنیکی اڑ میں پختون قوم کی اتحاد کو نقصان پہنچا رہی ہے، قومی وطن پارٹی قبائیلی عوام کے حقوق اورپختونوں کی اتحاد کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی ،اس کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریگی۔

وہ بروز جمعہ نحقی یونین کونسل دولت پورہ تحصیل شبقدر میں شمولیتی جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنماء ہدایت الرحمان خان نے اپنے خاندان اور سینکڑوںساتھیوںسمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان ۔

(جاری ہے)

آفتاب احمد خان شیر پائو اور سکندر حیات خان شیر پائو کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ۔ اس دوران آفتاب شیر پائو کا کہنا تھا کہ فاٹا کا خیبر پختونخوا کے ساتھ انضمام ایک اہم معاملہ ہے اور اس پر کسی قسم کے تاخیری حربے برداشت نہیں کئے جائینگے، تمام سیاسی جماعتیں فاٹا کا خیبر پختونخوا کے ساتھ انضمام پر باہم متفق ہیں اور انہوں نے قبائل کو انکا جائز حق دلانے کیلئے طویل جدوجہد کی ہے، فاٹا انضمام کے معاملے میں تاخیری حربوں پر مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اپنے اتحادیوں کو خوش کرنے کی اڑمیں پختون قوم کی بہتر مستقبل کا سودا کررہی ہے، انکی جماعت پختونوںکی بہتری کیلئے ہر محاذ ہر جدوجہد جاری رکھے گی اور اسکی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریگی۔

، اسلام اور پختون اقدار ہمیں باہمی بھائی چارے اور اتحاد کا درس دیتا ہے لیکن تعجب کی بات ہے کہ مذہبی سیاسی جما عت اور قوم پرست سیاسی جماعتیں اتحاد توڑنے کی باتیں کر رہے ہیں جو کہ ذاتی سیاست اور مفادات کے حصول کے سوا اور کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو قوتیں فاٹا کا خیبرپختونخوا کے ساتھ انضمام کے مخالف ہیں وہ اصل میں پختون دشمن ہے اور انکی ترقی اور فلاح کی راہ میں روکاوٹ ہیں ۔

آفتاب شیر پائو نے نئی حلقہ بندیوں کے معاملے پر حکومت کی جانب سے اہم پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایک انتہائی اہم مسلہ کو بلا وجہ سینٹ میں لٹکایا گیاتھا، حلقہ بندیوں کے معاملے میں مزید تاخیر نہ برتی جائیں تا کہ بروقت انتخابات کا انعقادیقینی ہوسکیں،اس بابت میں کوئی تاخیر ی عمل بروقت انتخابات کا عمل کھٹائی میں ڈال سکتاہے ۔آفتاب شیر پائو نے پی ٹی ائی کے چیئرمین کے قبل از وقت انتخابات کے مطالبے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مقررہ وقت سے پہلے انتخابات ہوئے تو وہ 1998 کے مردم شماری کے مطابق ہونگے اور اس صورت میں صوبہ خیبر پختونخوا نئی مردم شماری میں اعلان کردہ اضافی حلقوں سے محروم رہ جائیگی، شیڈول سے پہلے انتخابات کرانا ایک غیرسیاسی اور غیر دانشمندانہ سوچ ہے جس سے اداروں کے مابین تصادم پیدا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ قبل از وقت انتخابات ایک غیر فطر ی عمل ہے جو کہ عوامی مینڈیٹ کی بہت بڑی توہین ہے۔ انھوںنے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کی ناقص پالیسیوں نے خیبر پختونخوا کے عوام کی زندگی اجیرن بنادی اور پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبہ میں مناسب منصوبہ بندی نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے جو دراصل عوام کی خدمت نہیں بلکہ ایک انتخابی مہم ہے جس سے صوبائی حکومت کی بدنیتی عیاں ہوتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ عمران خان کا دوہرا معیار ہے پہلے وہ پنجاب حکومت کو میٹرو بس پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہتے تھے کہ جنگلہ بس پر قومی دولت لٹائی گئی اور اب خیبر پختونخوا میں اس سے دوگنے اخراجات سے بغیر سوچھے سمجھے بس ریپڈ سروس کے نام پر کا م شروع کیاگیا ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے نان ایشوز پر عوام کا قیمتی وقت برباد کردیا اور اب جب انکی حکومت ختم ہونے والی ہے تو ترقیاتی کاموں کے نام پر عوام کو مشکلات میں دھکیل دیاہے، صوبائی حکومت نے ہر سطح پر اپنی نااہلی ثابت کی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے صوبے کی حقوق کیلئے عملی جدوجہد نہیں کی جس سے صوبہ اپنے حقوق سے محروم رہ گیا جس کے لئے صوبے کے عوام انکو کبھی بھی معاف نہیں کریگی ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت تبدیلی تو دوربلکہ بے حسی اورناقص حکمت عملی سے صوبے کے عوام کو مزید مایوسیوں میں دھکیل دیا، قومی وطن پارٹی عوامی کی خدمت اور جمہوریت کی برتری پریقین رکھتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا تسلسل ملکی معاشی، سماجی اور اقتصادی ترقی کیلئے لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی چاہتی ہے کی موجودہ صوبائی اور مرکزی اسمبلیاں اپنی ائینی مدتیں پوری کریں تاکہ پارلیمنٹ اور ادارے مضبوط ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی قبل از وقت یا تاخیر سے انتخابات کرنے کے حق میں نہیں ہے انہوں نے کہا کہ بروقت انتخابات کرانا عوامی مینڈیٹ کا احترام ہے۔

آفتاب شیر پائو نے آرمی پبلک سکول میں شہید ہونے والے بچوں کے والدین سے گہری اور دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک انتہائی افسوس کی بات ہے کہ اس بیانک واقعے کو تیسرا سال ہونے والا ہے لیکن آج تک واقعے سے متعلق شیہد ہونے والے بچوں کے والدین کے خدشات دور نہیں کئے گئے، اس واقعے کے جوڈیشل انکوائر ی کا مطالبہ کیا تھا اور اب بھی کرتے ہیں تاکہ حقائق کو سامنے لاکر تمام پائے جانے والے تشویشات دور کئے جاسکیں ۔ انہوں نے آرمی پبلک سکول کے واقعے میں شیہدہونے والے بچوں کو سنہرے الفاظ میں یاد کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائے گی اور انکی قربانیوں سے ثابت ہوا کہ ظلم کے اندھرے کھبی بھی بہادر قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتی۔

متعلقہ عنوان :