حکومت کاروبار دوست ماحول کے فروغ و استحکام کیلئے کاروباری برادری کو ہر ممکنہ معاونت فراہم کرتی رہے گی، تمام چیمبرز برآمدات میں اضافہ کے حوالہ سے حکومت کو جامع منصوبہ پیش کریں

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی وفاق ایوانہائے صنعت و تجارت کے وفد سے گفتگو

جمعہ 15 دسمبر 2017 18:38

حکومت کاروبار دوست ماحول کے فروغ و استحکام کیلئے کاروباری برادری کو ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت کاروبار دوست ماحول کے فروغ و استحکام کیلئے کاروباری برادری کو ہر ممکنہ معاونت فراہم کرتی رہے گی، تمام چیمبرز آف کامرس برآمدات میں اضافہ کے حوالہ سے حکومت کو جامع منصوبہ پیش کریں۔ انہوں نے یہ بات وفاق ایوانہائے صنعت و تجارت (ایف پی سی سی آئی) کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس میں وزیراعظم کے چیمبر میں ان سے ملاقات کی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں ملک کی برآمدات میں اضافہ سے متعلق امور پر بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ تمام چیمبرز آف کامرس اس بارے میں ایک جامع منصوبہ پیش کریں کہ کس طرح حکومت ان کی مزید معاونت کر سکتی ہے اور معقول نظام الاوقات کے اندر برآمدات میں اضافہ کے حوالہ سے بھی تجاویز پیش کی جائیں۔

(جاری ہے)

وفد نے کرنسی کی ایڈجسٹمنٹ کیلئے حکومتی فیصلہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے برآمد کنندگان کو بہت مدد ملے گی۔ وفد نے معیشت میں مجموعی متوقع نمو اور برآمدات کی بحالی کے حوالہ سے امید کا اظہار کیا جن سے 10 فیصد سے زائد مضبوط نمو ظاہر ہو رہی ہے اور غیر ملکی کرنسیوں کے مقابلہ میں روپے کی ایڈجسٹمنٹ کی بناء پر مزید نمو متوقع ہے۔ ایف بی آر کی طرف سے محصولات کی وصولی میں بھی 22 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا ہے اور توقع کی جاتی ہے کہ ایف بی آر اپنے محصولاتی اہداف حاصل کر لے گا۔