پاکستانی فرنیچر اپنی بہترین ڈیزائننگ کے ساتھ عالمی مارکیٹ میں اپنی جگہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہی'ملک محمد رفیق رجوانہ

حکومت فرنیچر کی پیداوار ، اس کی برآمدات کو بڑھانے کی صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں بروکار لانے کیلئے فرنیچر کی صنعت کی مکمل مدد کرے گی' گورنر پنجاب کا تقریب سے خطاب

جمعہ 15 دسمبر 2017 18:18

پاکستانی فرنیچر اپنی بہترین ڈیزائننگ کے ساتھ عالمی مارکیٹ میں اپنی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 دسمبر2017ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ پاکستانی فرنیچر اپنی بہترین ڈیزائننگ کے ساتھ عالمی مارکیٹ میں اپنی جگہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ وہ جمعہ کو لاہور کے ایکسپو سینٹر میں تین روزہ نویں انٹیئررز پاکستان میگا نمائش افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو قدرت نے وافر وسائل عطا کئے ہیں اور پاکستانی لوگ اپنے ملک کو جدید خطوط پر ترقی دینے کی صلاحیتوں سے مالا مال ہیں۔

گورنر پنجاب نے نمائش میں مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور وہاں پر رکھے گئے روایتی انداز اور جدید دور کی ضروریات کے حسین امتزاج کے حامل فرنیچر کی زبردست تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر تیار کردہ فرنیچر کو بین الاقوامی مارکیٹ تک رسائی دلانے کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت فرنیچر کی پیداوار اور اس کی برآمدات کو بڑھانے کی صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں بروکار لانے کے لئے فرنیچر کی صنعت کی مکمل مدد کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فرنیچر سازی کی صنعت ہنر مند افرادی قوت سے کام لینے اور قیمتی زرمبادلہ کمانے کی زبردست صلاحیت رکھتی ہے۔ ہمارے ہنر مند منفرد معیار کا فرنیچر تیار کرسکتے ہیں۔پاکستان فرنیچر کونسل ان ہنر مندوں کی مہارت اور فرنیچر کی تجارت کے حوالے سے بین الاقوامی روابط کے فروغ میں پرعزم ہے اور مجھے کونسل کی مدد کرکے بے حد خوشی ہوگی۔

انہوں نے پاکستان کی فرنیچر سازی کی صنعت کی ترقی اور اسے بیرون ملک متعارف کروانے کی کوششوں پر پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مقامی طور پر تیار کردہ فرنیچر کی اندرون ملک اور بیرون ملک فروخت میں اضافے کے لئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔ پاکستان فرنیچر کونسل نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے اور اسے ترقی دینے کا ایک اچھا پلیٹ فارم ہے۔

اس طرح کی نمائشوں کے انعقاد سے پاکستان فرنیچر کونسل سے فرنیچر کی تجارت کو بہترین انداز میں فروغ دینے اور اس کے ذریعے پاکستانی معیشت کو بہتر بنانے کی بنیاد رکھ دی ہے۔کونسل نے انیئررز ڈیزائنر کو اندرون ملک اور بیرون ملک متعارف کروانے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو میاں محمد کاشف اشفاق اور کونسل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ارکان خواجہ مقبول الہی ' شہزاد یوسف مغل ' شہباز اسلم اور رضوان احمد نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا ۔

جن میں اخوت فائونڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب بھی شامل تھے۔میاں کاشف اشفاق نے اس موقع پر حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فرنیچر اور انیئررز ڈیکوریشن کو باقاعدہ صنعت کا درجہ دے اور مقامی فرنیچر سازوں کے لئے مراعات پر مبنی پیکیج کا اعلان کرے تاکہ فرنیچر کی برآمدات بڑھائی جاسکے۔ انہوں نے حکومت سے فیصل آباد ' گجرانوالہ ' سیالکوٹ ' پشاور اور کوئٹہ میں ایکسپو سینٹر کے قیام کا مطالبہ بھی کیا اور کہا کہ فرنیچر سازی کی صنعت ملازمتیں پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ قیمتی زرمبادلہ کمانے کی زبردست صلاحیت رکھتی ہیں۔

میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ پاکستان فرنیچر کونسل نہ صرف پاکستان میں فرنیچر کی نمائشوں کے انعقاد بلکہ پاکستانی فرنیچر سازوں کو بیرون ملک متعارف کروانے پر بھی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔نمائش کی افتتاحی تقریب میں غیر ملکی سفیروں ' تاجروں اور فرنیچر سازی کی صنعت کے متعلقین کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تین روزہ نمائش میں ایک سو برانڈز کی نمائش کی جارہی ہے جبکہ 70مقامی اور میڈیم سائز کمپنیوں اور انٹیئررز ڈیزائنر نے اپنے پراڈکس رکھی ہیں۔ نمائش میں اڑھائی سے تین لاکھ افراد کی شرکت متوقع ہے نمائش کے دوران فرنیچر کی خریداری پر 20 فیصد خصوصی ڈسکائونٹ دیا جارہا ہے۔