پی ٹی آئی کارکنوں کے حملے کا خطرہ،لیگی کارکنوں نے حنیف عباسی کو حصار میں انکی گاڑی تک پہنچایا

پی ٹی آئی کارکنوں کی حنیف عباسی کی گاڑی پرحملہ آور ہونے کی کوشش، ڈرائیور تیز رفتاری سے گاڑی ہجوم سے نکالنے میں کامیاب سیکیورٹی پر معمور گاڑی ہجوم میں پھنس گئی ،پولیس کی بروقت کاروائی نے پی ٹی آئی کارکنوں کو حنیف عباسی کی جانب جانے سے روکا

جمعہ 15 دسمبر 2017 17:48

پی ٹی آئی کارکنوں کے حملے کا خطرہ،لیگی کارکنوں نے حنیف عباسی کو حصار ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 دسمبر2017ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کو لیگی کارکنوں نے سپریم کورٹ کے احاطے سے پی ٹی آئی کے کارکنوں کے ممکنہ حملے سے بچانے کیلئے حصار میں انکی گاڑی تک پہنچایا ۔ پی ٹی آئی کارکنوں نے حنیف عباسی کی گاڑی پرحملہ آور ہونے کی کوشش کی مگرحنیف عباسی کا ڈرائیور تیز رفتاری سے گاڑی ہجوم سے نکالنے میں کامیاب ہوگیا۔

پولیس کی بروقت کارروائی نے پی ٹی آئی کارکنوں کو حنیف عباسی کی جانب جانے سے روک دیا۔جمعہ کو سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین کی نااہلی کیس کے فیصلے کے بعد کیس کے درخواست گزار مسلم (ن) کے رہنما حنیف عباسی سپریم کورٹ کے احاطے سے جب باہر نکلے تو لیگی کارکنوں نے ان کا پرجوش نعروں سے استقبال کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر لیگی کارکنوں نے تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے حنیف عباسی پر ممکنہ حملے سے بچانے کیلئے اپنے حصار میں گاڑی تک پہنچایا اس موقع پر پی ٹی آئی کارکنوں نے حنیف عباسی کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔ پی ٹی آئی کارکنوں نے حنیف عباسی کی گاڑی پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی مگر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے پی ٹی آئی کارکنوں کو حنیف عباسی کی گاڑی کی طرف جانے سے روک دیا،اس موقع پر حنیف عباسی کی گاڑی کا ڈرائیور تیز رفتاری سے ہجوم سے گاڑی کو نکال لے گیا، حنیف عباسی کی سیکورٹی پر تعینات پولیس کی گاڑی ہجوم میں پھنس گئی، تقریبا ایک کلو میٹر کے فاصلے پر جاکرحنیف عباسی کی گاڑی روک گئی اور سیکورٹی میں معمور گاڑی کا انتظار کیا۔