لوٹ مار اور کرپشن سے کمائی دولت سوئس بینکوں سے واپس لانا ہوگی‘میاں مقصود احمد

مسلم لیگ(ن) کی ڈنگ ٹپائو پالیسیوں سے عوام تنگ آچکے ہیں‘ امیر جماعت اسلامی پنجاب

جمعہ 15 دسمبر 2017 17:35

لوٹ مار اور کرپشن سے کمائی دولت سوئس بینکوں سے واپس لانا ہوگی‘میاں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2017ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے کے لئے لوٹ مار اور کرپشن سے کمائی دولت سوئس بینکوں سے پاکستان میں واپس لانا ہوگی،فلاحی کاموں کی آڑ میں کرپشن کے نئے دروازے کھل رہے ہیں، جھوٹی تسلی اور وعدوں سے عوام کی حالت تبدیل ہوئی اور نہ آئندہ ہوسکتی ہے،ہمیں درپیش تمام مسائل کے حل کیلئے اسلامی نظام کو نافذ کرناہوگا۔

اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ موجودہ حکمرانوں نے عوام کو انتہائی مایوس کیا ہے۔پاکستان کی بقاء اور سلامتی کے لئے نیک،ایماندار اور صالح قیادت کی ضرورت ہے۔ موروثی سیاست نے ملک کو کھوکھلا کردیا ہے۔آئندہ الیکشن میں عوام کو خدمت کرنے والی مخلص قیادت کو منتخب کرناہوگاتب ہی جاکر ملکی مسائل حل ہوسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی ڈنگ ٹپائو پالیسیوں سے عوام تنگ آچکے ہیں۔

اسلامی جمہوریہ پاکستان میں انگریزوں کا قانون رائج ہے۔ سرمایہ داروں،جاگیرداروں اور وڈیروں سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے لئے قوم کو متحد ہونا پڑے گا۔ ایسے تمام نمائندے جو دہری شہریت کے حامل ہیں ملک وقوم کے ساتھ مخلص نہیں ہوسکتے۔انہوں نے کہاکہ ملک اس وقت نازک دور سے گزر رہا ہے۔مسائل کے انبار لگے ہوئے ہیں۔ملک میں بڑے پیمانے پر تبدیلی اور اصلاحات کی ضرورت ہے۔

حکمرانوں کو عوام کے دکھ درد کا احساس ہرگز نہیں کیونکہ ان لوگوں کے کاروبار،جائیدادیں اور بچے بیرونی ممالک میںہیں۔ مقتدر طبقات نے پاکستان کوہمیشہ اپنے مفادات کے لئے استعمال کیاہے۔ میاں مقصود احمدنے مزید کہاکہ موجودہ حکمرانوں نے غیر ملکی تابعداری پر مبنی پالیسیوں،بدترین کرپشن،اور انتہائی ناقص کارکردگی کی وجہ سے ملکی سلامتی و بقاء اور آزادی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے،جس کے نتیجہ میں ملکی معیشت تباہ و برباد ہوچکی ہے۔