کچن گارڈننگ کا فروغ وقت کی ضرورت ہے ،زرعی ترجمان

جمعہ 15 دسمبر 2017 16:50

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2017ء) محکمہ زراعت پنجاب راولپنڈی کے ترجمان نے کہاہے کہ گھریلوپیمانے پر سبزیوں کی کاشت کا مشغلہ انسانی صحت کے لئے اکسیر ہے،کچن گارڈننگ کے ذریعے کاشتہ سبزیاں سستی ، سپرے اور دیگرآلائشوںسے بھی پاک ہوتی ہیں۔ ترجمان کے مطابق گھروں میں سبزیاں اگاتے وقت ایسی سبزیاں کاشت کی جائیں جو کافی دیر تک پیداوار دیتی ہوںمثلا پالک، دھنیا، میتھی وغیرہ۔

(جاری ہے)

جبکہ 3 سے 5 مرلہ کے پلاٹ میں ان سبزیوں کے علاوہ گوبھی ، ٹماٹر،گاجر ، شلجم اور مولی سمیت دیگر سبزیاں بھی لگائی جاسکتی ہیں۔سبزیوں کی کاشت کے لئے نہری یا گھروں میں استعمال ہونے والا صاف پانی لگایا جائے۔سبزیوں کو پانی دیتے وقت اس بات کا خیال رکھیں کہ پانی کھیلیوں سے اوپر نہ جائے ورنہ اس سے زمین سخت اور اگائو متاثر ہو گا۔سبزیوں کی پنیری اگاتے وقت زمین کو بھربھرا کر لیا جائے۔بیج لگا نے کے بعد فوارے کی مدد سے آبپاشی کی جائے۔بیل والی سبزیوں کو دیوار کے ساتھ اونچا کر کے باندھا جائے تاکہ اس میں مناسب ہوا کا گزر ہو۔اس طرح سبزیاں بیماریوں اور ضرررساں کیڑوں کے حملے سے محفوظ رہتی ہیں اور زیادہ دیر تک پھل دیتی ہیں۔