ملکی برآمدات کا 63فیصد انحصار زراعت پر ہے ،صوبائی وزیر زراعت

صوبہ پنجاب ملک میں فوڈ سکیورٹی اور غربت کے خاتمہ میں کلیدی کردار ادا کر تا ہے

جمعہ 15 دسمبر 2017 16:50

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2017ء) وزیر زراعت پنجاب محمد نعیم اختر خان بھابھہ نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب کی کل آبادی کا 45فیصد جبکہ دیہی علاقوں کے 65فیصد افراد کا روزگار زراعت سے وابستہ ہے ، ملکی برآمدات کا 63فیصد انحصار بھی زراعت پر ہے ۔ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر زراعت نے کہاکہ اہم فصلوں کی مجموعی پیداوار میں پنجاب کا حصہ 70فیصد ہے ۔

اسی طرح گندم کا 76فیصد، کپاس 74فیصد ، دھان 56فیصد ،گنا 65فیصد ، مکئی 78فیصد ،سٹرس95فیصد اور 66فیصد آم کی پیداوار صوبہ پنجاب سے حاصل ہوتی ہے ۔اس طرح صوبہ پنجاب ملک میں فوڈ سیکیورٹی اور غربت کے خاتمہ میں کلیدی کردار ادا کر تا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کی وجہ سے خوردنی تیل کی ضروریات کو پورا کرنا ایک چیلنج ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان زرعی ملک ہونے کے باوجود ہر سال خوردنی تیل کی درآمد پر تقریباً 285ارب روپے کا قیمتی زرمبادلہ خرچ کرتا ہے۔

دوسری فصلات کی طرح حکومت پنجاب سورج مکھی اور کینولا کی فصلات پر بھرپور توجہ دے رہی ہے تاکہ خوردنی تیل کی پیداوار میں خود کفیل ہو سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ خادم پنجاب کی ہدایت پر محکمہ زراعت ، حکومت پنجاب نے کسان پیکیج کے تحت سورج مکھی اور کینولا کے کاشتکاروں کو کروڑوں روپے سبسڈی دی جارہی ہے۔ اس پروگرام کے تحت کاشتکاروں کو 5 ہزار روپے فی ایکڑ بذریعہ واوچرز سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔حکومت زرعی شعبہ کی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی کے لیے اقدامات جاری رکھے گی ۔

متعلقہ عنوان :