فتح جنگ چرچ ہال اور اقلیتی جنازہ گاہ کیلئے 20لاکھ روپے کی گرانٹ منظور

جمعہ 15 دسمبر 2017 16:52

فتح جنگ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2017ء)فتح جنگ چرچ ہال اور اقلیتی جنازہ گاہ کیلئے 20لاکھ روپے کی گرانٹ منظور ،فنڈز کی منظوری ن لیگ کے ر ہنما آصف علی ملک ایڈووکیٹ نے دی ،تعمیر کا کام جلد شروع ہو گا ،اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کیلئے بھر پور جدوجہد جاری رکھوں گا۔ آصف علی ملک ایڈووکیٹ کی اے پی پی سے گفتگو ،تفصیلات کے مطابق فتح جنگ کی مسیحی برادری کی دعوت پر مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما سابق امیدوار قومی اسمبلی آصف علی ملک ایڈووکیٹ نے چیئرمین بلدیہ کے ہمراہ فتح جنگ کے مقامی چرچ کا دورہ کیا۔

اس موقع پر میونسپل کمیٹی کے چیئرمین عابد دائود،وائس چیئرمین بلال عباس کونسلروں چوہدری علی ایوب،آصف بشیر ،حاجی اعظم ،ملک سفیر ،اقلیتی کونسلر طارق پپی سمیت مسیحی برادری کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

آصف علی ملک ایڈووکیٹ نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مسیحی برادری چرچ ہال اور جنازہ گاہ کی تعمیر کا دیرینہ مسئلہ تھا جس کیلئے ابتدائی طورپر بیس لاکھ روپے منظور کئے گئے ہیں تاہم اگر مزید رقم بھی درکار ہوئی تو حکومت پنجاب فراہم کرے گی۔

انھوں نے کہا کہ دو ماہ کے اندر یہ دونوں کام مکمل کروائے جائیں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ مسیحی برادری اور دیگر اقلیتوں کو پاکستان میں تمام بنیادی حقوق حاصل ہیں، مسیحی برادری محب وطن اور پاکستان کی تعمیر و ترقی میں برابر کی شریک ہے اقلیتی کونسلر طارق پپی ،اقبال مسیح اور رزاق فرحت نے آصف علی ملک ایڈووکیٹ کا چرچ ہال اور جنازہ گاہ کی تعمیر کیلئے فنڈز فراہم کرنے شکریہ ادا کیا۔