مسلم لیگ (ن) سندھ کا اجلاس ،

وفاقی حکومت کی طرف سے ترقیاتی منصوبوں، امن و امان کی بہتر صورتحال پر تبادلہ خیال گورنر ہائوس میں ہونے والے اجلاس میں گورنر سندھ محمد زبیر، خواجہ سعد رفیق،بابو سرفراز جتوئی، سلیم ضیا، اسد جونیجو اور دیگر کی شرکت (ن) سے بڑھ کر سندھ کا کوئی دوست نہیں، کراچی کی روشنیاں بحال کیں، صنعت کا پہیہ چلایا، روزگار فراہم ہو رہا ہے‘ خواجہ سعد رفیق کا خطاب

جمعہ 15 دسمبر 2017 16:48

مسلم لیگ (ن) سندھ کا اجلاس ،
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2017ء) مسلم لیگ (ن) سندھ کا اجلاس گورنر ہائوس سندھ میں منعقد ہوا جس میں وفاقی حکومت کی طرف سے سندھ میں ترقیاتی منصوبوں، امن و امان کی بہتر صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اجلاس میں گورنر سندھ محمد زبیر، وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق،صدر مسلم لیگ (ن) سندھ بابو سرفراز جتوئی، سلیم ضیا، اسد جونیجو اور دیگر نے شرکت کی ۔

خواجہ سعد رفیق آج ہفتے کے روز مسلم لیگ ہائوس میں کراچی ڈویژن کے اجلاس میں مہمان خصوصی ہوں گے، ضلعی عہدیدار، ارکان اسمبلی اور تمام منتخب چئیرمین، وائس چیئرمین شرکت کریں گے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) سندھ کی تنظیم فعال کردار ادا کرے، سندھ کی ایگزیکٹو کمیٹی ہر پندرہ روز کے بعد اجلاس منعقد کرے، اجلاس مختلف اضلاع میں کئے جائیں،پارٹی قائدین مزید جلسوں میں شرکت کریں گے، میاں نواز شریف بھی سندھ کا دورہ کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پارٹی اپنے منتخب ارکان اسمبلی اور چیئرمینوں کو خصوصی اہمیت دے گی، کراچی پیکج کے تحت ترقیاتی کام کروائے جائیں گے،حیدر آباد، ٹھٹھہ اور صوبے کے مختلف شہروں میں ترقیاتی منصوبوں پر کام تیز کیا جائے گا، حکومتی اعلانات پر عمل یقینی بنایا جائے گا۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) سے بڑھ کر سندھ کا کوئی دوست نہیں، کراچی کی روشنیاں مسلم لیگ (ن) نے بحال کیں، صنعت کا پہیہ چلایا، روزگار فراہم ہو رہا ہے، امن بحال ہونے کے بعد ادبی کانفرنسیں اور میلے ہو رہے ہیں۔کراچی اور سندھ کے عوام جان گئے کہ ان کے مسائل مسلم لیگ نون ہی حل کر سکتی ہے، اب کوئی کارڈ نہیں چلے گا صرف عوامی خدمت کا کارڈ اور پاکستان زندہ باد کا نعرہ ہی چلے گا۔