اسلام آباد ہائیکورٹ نے سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کے خلاف دائر درخواست پر تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 22 دسمبر تک ملتوی کردی

جمعہ 15 دسمبر 2017 16:48

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کے خلاف دائر درخواست ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2017ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی تشہیر کے خلاف دائر درخواست پر تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 22 دسمبر تک ملتوی کردی۔ جمعہ کو جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ پر گستاخانہ مواد کی تشہیر کے خلاف کیس کی سماعت کی۔ سیکرٹری داخلہ،ایف آئی آے،پی ٹی اے کے نمائندے اور ڈپٹی اٹارنی جنرل عدالت کے ربرو پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری داخلہ نے عدالت کو بتایا کہ وزیراعظم نے تحفظ ناموس رسالت فیصلے پر عملدرآمد کمیٹی بنائی ہے،کمیٹی میں قانون،آئی ٹی،وزارت اطلاعات اور داخلہ کے نمائندے شامل ہیں۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیئے کہ ساڑھے آٹھ ماہ میں حکومت نے کچھ نہیں کیا۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ عدالت کو یقین دلاتا ہوں حکومت فیصلے پر عمل درآمد کرائے گی۔ سیکرٹری داخلہ نے عدالت سے استدعا کی کہ تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کیلئے دو ہفتے کا وقت دیا جائے۔ عدالت نے کیس کی سماعت 22 دسمبر تک ملتوی کردی۔

متعلقہ عنوان :