فلپائن کے صدرکا پی این ایس سیف کا دورہ،

پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف اور پاکستان کی عوام کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار اس طرز کے خیر سگالی و تربیتی دورے دونوں ممالک کی دوستی کو مزید مضبوط کریں گے،پاکستان اور فلپائن کے درمیان دیرینہ گہرے اور قریبی تعلقات ہیں،فلپائنی صدر روڈ ریگو رائو ڈیو ٹرٹے

جمعہ 15 دسمبر 2017 16:32

فلپائن کے صدرکا پی این ایس سیف کا دورہ،
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 دسمبر2017ء) فلپائن کے صدر عزت مآب جناب روڈ ریگو رائو ڈیو ٹرٹے نے فلپائن کی بندر گاہ منیلا کا دورہ کرنے والے پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس سیف کا دورہ کیا۔ پاک بحریہ کا جہازپی این ایس سیف تین روزہ خیر سگالی و تربیتی دورے پر فلپائن کی بندر گاہ منیلا پہنچا۔منیلا کے ساحلی پانیوں میں پہنچنے پر فلپائن نیوی کے جہاز نے پی این ایس سیف کو حفاظتی حصار میں لے لیا ۔

پاکستان کے دفاعی اتاشی اور فلپائن نیوی کے حکام نے جہاز کا خیر مقدم کیا۔ پی این ایس سیف کی منیلا آمد پر فلپائن کے صدر عزت مآب جناب روڈ ریگو رائو ڈیو ٹرٹے (Rodrigo Rao Duterte)نے جہاز کا دورہ کیا۔ جہازآمد پر چاق و چوبند دستے نے فلپائن کے صدر کو اعزازی سلامی پیش کی۔

(جاری ہے)

سلامی کے بعد معزز مہمان کو جہازکی آپریشنل صلاحیتوں کے متعلق بریفنگ دی گئی جس کے بعد جناب روڈ ریگو رائو ڈیو ٹرٹے نے جہاز کا دورہ کیا۔

پی این ایس سیف کے عملے سے گفتگو کرتے ہوئے فلپائن کے صدر نے عملے کی پیشہ ورانہ قابلیتوں کی تعریف کی۔فلپائن کے صدر،روڈ ریگو رائو ڈیو ٹرٹے نے پاکستان اور فلپائن کے مابین موجودگہرے تعلقات کو سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ اس طرز کے خیر سگالی و تربیتی دورے دونوں ممالک کی دوستی کو مزید مضبوط کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور فلپائن کے درمیان دیرینہ گہرے اور قریبی تعلقات ہیں۔

فلپائن کے صدر نے عالمی برادری کے لئے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا جن کے ضمن میں خلیج عدن اور بحیرہ عرب میں پاک بحریہ کے جہازوں کی مسلسل تعیناتی سے بحری استحکام ، بحری دہشت گردی کے خاتمے اور بحری مسافروں کے تحفظ کو یقینی بنانے میں مدد ملی ہے۔ صد ر نے پاکستانی عوام بالخصوص پاک بحریہ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔فلپائن کے صدر کے پی این ایس سیف کے دورے کی فلپائن کے مقامی پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میں وسیع پیمانے پر تشہیر کی گئی۔

متعلقہ عنوان :