ڈرگ کورٹ بلوچستان نے جیزی ہیلتھ فارماسیوٹیکل کمپنی کے مینوفیکچررسوئس لائف سائنسز کراچی کے ایم ڈی کو غیر رجسٹرڈ ادویات سازی کا الزام ثابت ہونے پر ایک سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی

عدالت کا فیصلے کے دن ملزم کی غیر حاضری پر سخت برہمی کااظہار ،کمپنی کی ادویات سازی سے متعلق لائسنس کی منسوخی کیلئے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان کو مراسلہ بھیج دیا

جمعہ 15 دسمبر 2017 16:32

ڈرگ کورٹ بلوچستان نے جیزی ہیلتھ فارماسیوٹیکل کمپنی کے مینوفیکچررسوئس ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 دسمبر2017ء) ڈرگ کورٹ بلوچستان کے چیئرمین جناب عبدالمجید ناصر ،ممبران گل عالم خان اور ارسلاء خان سلیمان خیل نے جیزی ہیلتھ فارماسیوٹیکل کمپنی کے مینوفیکچررسوئس لائف سائنسز کراچی کے منیجنگ ڈائریکٹر محمدعمران کو غیر رجسٹرڈ ادویات سازی کا الزام ثابت ہونے پر ایک سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی بلکہ ڈرگ کورٹ نے فیصلے کے دن ملزم کی غیر حاضری پر سخت برہمی کااظہار کرتے ہوئے کمپنی کی ادویات سازی سے متعلق لائسنس کی منسوخی کیلئے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان کو مراسلہ بھیج دیا ہے ۔

ڈرگ کورٹ نے 6میڈیکل سٹور مالکان کی سماعت کے موقع پر پیش نہ ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے ہیں بلکہ 2میڈیکل سٹور مالکان کو اشتہاری قراردینے سے متعلق کارروائی کے آغاز کے بھی احکامات دے دئیے ہیں ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز غیر معیاری ،ان رجسٹرڈ اور زائد المعیاد ادویات کی خرید وفروخت سے متعلق دائر کیسز کی ڈرگ کورٹ بلوچستان کے روبرو سماعت ہوئی تو عدالت نے جیزی ہیلتھ فارما سیوٹیکل کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ کے مینوفیکچرر سوئس لائف سائنسزکراچی کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد عمران کو غیر رجسٹرڈ ادویات سازی کا جرم ثابت ہونے پر ایک سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی ،عدم ادائیگی جرمانے کی صورت میں ملزم کومزید ایک ماہ قید بھگتنا ہوگی ،ڈرگ گورٹ نے فیصلے کے دن ملزم محمد عمران کی عدالت کے روبرو پیش نہ ہونے پر برہمی کااظہار کیا اور متعلقہ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ ملزم کو گرفتار کرکے عدالت کے روبرو پیش کرے ،عدالت نے سوئس مینوفیکچرر کمپنی کی ادویات سازی سے متعلق لائسنس منسوخی کیلئے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان کو مراسلہ بھیجنے کا بھی حکم دیدیاہے ۔

عدالت نے جیزی ہیلتھ فارما کے ڈسٹری بیوٹر محمد ذیشان کو عدم ثبوت کی بناء پر بری کرنے کے احکامات دے دئیے ،عدالت نے حنظلہ میڈیکل سٹور کے مالک سمیع اللہ ،پنجاب میڈیکل سٹور کے محمد حفیظ کو اشتہاری قراردینے سے متعلق کارروائی کے آغاز کی ہدایت کی اور ان کی جائیداد سے متعلق رپورٹ طلب کرلی ہے ۔عدالت نے گزشتہ روز سماعت کے دوران کوئٹہ میڈیکل سٹور کے مالک عبدالنافع پر فرد جرم بھی عائد کردی ہے ،ڈرگ کورٹ نے کیسز کی سماعت کے موقع پر پیش نہ ہونے پر المدینہ میڈیکل سٹور کے مالک عبدالرئوف ،محمد میڈیکل سٹور کے مالک برہان الدین،شاہ زمان میڈیکل سٹور کے مالک شاہ زمان ،جاوید میڈیکل سٹور کے جاوید اقبال ،جینٹل کیئر میڈیکل سٹور کے محمد عامر ،عتیق ٹریڈرز کے مالک سلیم الزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے متعلقہ انتظامیہ کو حکم دیاہے کہ وہ ملزمان کو گرفتار کرکے ڈرگ کورٹ کے روبرو پیش کرے ۔