احتساب عدالت کوئٹہ کا اسٹاک ایکسچینج کے شیئرز اور دیگر کے نام پر سینکڑوں افراد سے 155ملین روپے ہتھیانے کے مقدمے میں نامزد ملزم کو 22دسمبر تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم

جمعہ 15 دسمبر 2017 16:32

احتساب عدالت کوئٹہ کا اسٹاک ایکسچینج کے شیئرز اور دیگر کے نام پر سینکڑوں ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 دسمبر2017ء) احتساب عدالت کوئٹہ ون کے جج جناب عبدالمجید ناصر نے اسٹاک ایکسچینج کے شیئرز اور دیگر کے نام پر سینکڑوں افراد سے 155ملین روپے ہتھیانے کے مقدمے میں نامزد ملزم خالد اکرم کو 22دسمبر تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کے احکامات دے دئیے بلکہ عدالت نے محکمہ صنعت وتجارت کے ٹھیکوں کے ٹینڈرز میں کروڑوں روپے خوردبرد کے الزام گرفتار ملزم عدیل انور کے جسمانی ریمانڈ میں بھی 26دسمبر تک توسیع کردی ہے ۔

گزشتہ روز برادرز انٹرنیشنل فرم کے خالد اکرم کو احتساب عدالت کوئٹہ ون کے جج جناب عبدالمجید ناصر کے روبرو پیش کیا گیا تو عدالت نے انہیں 22دسمبر تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کے احکامات دے دئیے۔ محمد اکرم خالد نے دیگر مفرور ملزمان نادر تحسین ،عامر تحسین ،بابر تحسین اور جاوید اکرم کے ساتھ مل کر 2004ء میں برادر ز انٹرنیشنل کے نام سے فرم بنائی اور سادہ لوح افراد سے سٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے نام پر 155ملین روپے ہتھیاکر فرارہوگئے ۔

(جاری ہے)

انہیں گزشتہ روز ملتان سے گرفتار کرکے احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔اس کے علاوہ گزشتہ روز نیب حکام کی جانب سے محکمہ صنعت وتجارت کے ٹھیکوں کے ٹینڈرز میں کروڑوں روپے خوردبرد کے الزام میں گرفتار ملزم عدیل انور کواحتساب عدالت کے روبرو پیش کیا گیا تو نیب کی جانب سے ان کی جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی گئی جس پر عدالت نے اس سے 26نومبر تک نیب حکام کے حوالے کرنے کے احکامات دے دئیے ۔