ونڈ پاور منصوبوں کے ذریعے 300 میگاواٹ سے زائد بجلی قومی گرڈ کو سپلائی کی جا رہی ہے ،مزید بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت بھی موجود ہے، محمدعثمان تنویر

جمعہ 15 دسمبر 2017 16:21

ٹھٹھہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2017ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرون محمد عثمان تنویر نے کہا ہے کہ ضلع ٹھٹھہ میں ونڈ پاور منصوبوں کے ذریعے 300 میگاواٹ سے زائد بجلی قومی گرڈ کو سپلائی کی جا رہی ہے جبکہ مزید بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت بھی موجود ہے۔ان باتوں کا اظہار انہوں نے جمعہ کو دربار ہال ڈی سی آفس ٹھٹھہ میں گریڈ 17 کے زیر تربیت افسران کے ایک وفد کو ٹھٹھہ کے مختلف امور پر بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو صحت، تعلیم، میونسپل سروسز، واٹر سپلائی، ٹرانسپورٹ، تفریح و دیگر شعبوں میں بہتر سہولیات مہیا کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ ٹھٹھہ ایک قدیمی اور تاریخی شہر ہونے کے ساتھ ساتھ تفریحی مقامات اور بزرگ ہستیوں کا مسکن بھی ہے۔ انہوں نے وفد کو ٹھٹھہ کے تاریخی مکلی قبرستان، شاہجہان مسجد، بھمبھور اور بزرگ ہستیوں کے متعلق روشناس کروایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے وفد کو بتایا کہ ضلع ٹھٹھہ4 تحصیلوں، 40 یونین کونسلز اور 3069 اسکوائر میل رقبے پر مشتمل ہے جبکہ 106 کلو میٹر طویل ساحلی پٹی بھی اس میں شامل ہے۔ اس موقع پر ضلعی اطلاعات آفیسر و دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ بعد ازاں زیر تربیت افسران کے وفد نے ضلع ٹھٹھہ کے تاریخی مکلی قبرستان، شاہجہان مسجد، و دیگر تاریخی مقامات کا بھی دورہ کیا۔

متعلقہ عنوان :