ہماری خواہش ہے کہ پاکستان کے انتخابات مقررہ وقت پر ہوں ‘مسلم لیگ (ن) کی پاکستان میں قائم حکومت اپنے غیر سنجیدہ رویے اور غلط حکمت عملی کی وجہ سے مدت پوری کرتی نظر نہیں آرہی ہے

پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے جنرل سیکرٹری سابق وزیر حکومت راجہ فیصل ممتاز راٹھور کا تقریب سے خطاب

جمعہ 15 دسمبر 2017 15:33

راولاکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 دسمبر2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے جنرل سیکرٹری سابق وزیر حکومت راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ ہماری خواہش ہے کہ پاکستان کے انتخابات مقررہ وقت پر ہوں لیکن مسلم لیگ ن کی پاکستان میں قائم حکومت اپنے غیر سنجیدہ رویے اور غلط حکمت عملی کی وجہ سے مدت پوری کرتی نظر نہیں آرہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ چاہیے تو یہ تھا کہ پانامہ کیس کا فیصلہ آنے کے بعد میاں محمد نوازشریف استعفیٰ دے دیتے لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا الٹا پاک افواج اور اداروں کو تنقید کا نشانہ بنا یا گیا اور ہرزہ سرائی کا سلسلہ جاری ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ اپنی کمزوریوں اور کوتاہیوں کا ملبہ پاک افواج اور ادارو ںپر ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے پاک افواج نے اس نازک موقع پر دانش مندی او ر دور اندیشی کا مظاہرہ کیا ۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن فوج اور عوام کے درمیان ٹکرائو پیدا کرنا چاہتی تھی ۔ و ہ اپنی کرپشن پر پردہ پوشی کیلئے سیاسی شہید بننا چاہتے تھے لیکن ایسا نہیں ہوا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ راولاکوٹ کے دوران پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے مرکزی رہنما کلیم افضل خان کی طرف سے کاز موس گیسٹ ہائوس استقبالیہ تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر سابق مشیر حمید افضل خان ، سابق ضلعی صدر پی پی محمد عظیم خان، کلیم افضل خان، مرکزی سیکرٹری جنرل لیبر بیورو سجاد خان، سابق ضلعی صدر پی وائی او ساجد رزاق خان، چیئرمین پبلسٹی بورڈ ثاقب فاروق ، عاقی خان، شاہد اسمعیٰل ، طارق محبوب خان، آصف اعظم ، شاہد اقبال، اور دیگر موجود تھے ۔راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہاکہ آنے والا دور پاکستان پیپلزپارٹی کا ہے پارٹی کا یوم تاسیس کے موقع پرمنعقدہ بہت بڑے جلسہ میں عوام کے ٹھاٹھیں مارتے ہوئے سمندر نے تجدید عہد کیا ہے کہ وہ پارٹی کا ساتھ دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب ، سندھ ، کے پی سمیت پورے پاکستان میں پاکستان پیپلزپارٹی 2018کے انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کر کے حکومت سازی کرے گی راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ آزادکشمیر میں اس وقت قائم مسلم لیگ ن کی حکومت کی کارکردگی صفر ہے ۔آزادکشمیر کے موجودہ حکمرانوں نے نوازشریف کے ٹرک پربیٹھنے کے سواکچھ نہیں کیا گیارہ اب روپے کا اضافی بجٹ ملنے کے باوجود آزادکشمیر کی موجودہ حکومت سترہ ماہ میں کوئی ایک بڑا منصوبہ شروع کرنے میں کامیاب نہیں ہوئی ۔

انہوں نے کہاکہ حکومتیں حکومتوں کا تسلسل ہوتیں ہیں لیکن آزادکشمیر کی موجودہ حکومت نے ہمارے دیئے گئے منصوبوں پر شب خون مارا ۔گڈ گورننس کے دعو ے دار حکمرانوں نے چپراسیوں ، قلیوں اور واچرز کے انتقامی تبادلوں سے بھی گریز نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت سے اپنے ایم ایل ایز تو ناراض ہیں ہی وزراء نے بھی ناراضگی کا اظہار کرنا شروع کر دیا ہے ۔

سردار سکندر حیات خان نے کرپشن کی نشاندہی کی ۔ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ تحقیقات کی جاتیں الٹا سردار سکندر حیات کے خلاف محاذ کھولا گیا ۔انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر کی موجود ہ حکومت ہچکولے کھا رہی ہے جلد ہی اس کا دھڑن تختہ ہوجائے گا انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کو اعانت کے الزام میں پھانسی پر لٹکا یاگیا ۔جبکہ چیف منسٹر پنجاب اور وزیر قانون کے حکم پر دن دیہاڑے درجنوں افراد کو گولیوں کا نشانہ بنایا گیا ۔

چادر اور چار دیواری کا تقدس بری طرح پامال کیاگیا ۔ نجفی رپورٹ اس کی گواہ ہے ان کو تو جیل میں ہونا چاہیے اور جیل میں جائیں گے انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے موجودہ حکمران ایشئین ڈویلپمنٹ بینک کے منصوبوں پر تختیاں لگا رہے ہیں جو ادارے ہم بنا کر گئے تھے انہیں بھی ختم کیا جارہا ہے ۔

متعلقہ عنوان :