اسلام آباد میں سیکٹر جی 13 اور جی 15 میں دو نئے ماڈل کالجز تعمیر کئے جائیں گے ،ْ

قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات آزاد جموں و کشمیر کے جی ایس ایم نیٹ ورک کی تبدیلی کا منصوبہ 2020ء میں مکمل ہوگا ،ْ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی سر دار ایاز صادق کا وقفہ سوالات میں وزارت کیڈ کی جانب سے 5 سوالوں کے جواب نہ آنے پر برہمی کا اظہار

جمعہ 15 دسمبر 2017 15:20

اسلام آباد میں سیکٹر جی 13 اور جی 15 میں دو نئے ماڈل کالجز تعمیر کئے جائیں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2017ء) قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد میں سیکٹر جی 13 اور جی 15 میں دو نئے ماڈل کالجز تعمیر کئے جائیں گے جبکہ قومی اسمبلی کے سپیکر سر دار ایاز صادق نے وقفہ سوالات میں وزارت کیڈ کی جانب سے 5 سوالوں کے جواب نہ آنے پر برہمی کا اظہار کیا ہے ۔ جمعہ کو وزارت کیڈ کی جانب سے تحریری طور پر بتایا گیا کہ رواں مالی سال اسلام آباد ماڈل کالج برائے طالبات جی 13ون اور اسلام آباد ماڈل کالج برائے طلباء جی 15 تعمیر کئے جائیں گے ۔

ان کا نظرثانی شدہ پی سی ون حتمی منظوری کیلئے منصوبہ بندی کمیشن کو ارسال کیا جاچکا ہے۔ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے بتایا گیا کہ آزاد جموں و کشمیر اور شمالی علاقہ جات میں مواصلات کی فراہمی کا اختیار سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن کو ہے۔

(جاری ہے)

وزارت کے تحت آزاد کشمیر میں ٹیلی کمیونیکیشن کا ایک جاری منصوبہ آزاد جموں و کشمیر کے جی ایس ایم نیٹ ورک کی تبدیلی ہے جو 31 دسمبر2020ء کو مکمل ہوگا۔

وزارت موسمیاتی تبدیلی کی جانب سے بتایا گیا کہ گاڑیوں سے پھیلنے والی آلودگی سے متعلق عوام میں احساس بیدار کرنے کے لئے ایک عوامی آگاہی مہم تیار کی جارہی ہے جو 10 سے 20 سیکنڈ کے میڈیا پیغامات پر مشتمل ہوگی جنہیں الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے چلایا جائے گا۔اجلاس کے دور ان قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے وقفہ سوالات میں وزارت کیڈ کی جانب سے 5 سوالوں کے جواب نہ آنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیراعظم کو سیکرٹری کیڈ کی تین روز کے لئے معطلی کا لکھیں گے‘ اگر انہیں معطل نہ کیا گیا تو وہ اجلاس کی صدارت نہیں کریں گے۔

سپیکر نے وزیر کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کو کہا کہ وزارت کیڈ کی طرف سے 5 سوالوں کے جواب نہیں آئے یہ آسان سوال تھے۔ کیا میں سفارش کروں سیکرٹری کے خلاف آپ کارروائی کریں گے یا میں کروں۔ انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعظم کو لکھیں گے کہ وہ تین دن کے لئے سیکرٹری کیڈ کو معطل کریں۔ اگر وزیراعظم نے اس کو معطل نہ کیا تو میں یہاں نہیں بیٹھوں گا۔ بعد ا زاں قومی اسمبلی کا اجلاس کورم پورا نہ ہونے پر پیر کی شام چار بجے تک ملتوی کردیا گیا۔