اسسٹنٹ کمشنر ہری پور کا خواتین کے مسائل سے آگاہی کیلئے کھلی کچہری کا انعقاد

جمعہ 15 دسمبر 2017 15:18

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2017ء) اسسٹنٹ کمشنر ہری پور سارہ رحمن نے حطار انڈسٹریل اسٹیٹ میں کام کرنے والی خواتین کے مسائل سے آگاہی کیلئے قرشی انڈسٹریز حطار میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں حطار کے مختلف کارخانوں میں کام کرنے والی خواتین ورکرز کو مدعو کیا اور ان سے مسائل سنے گئے۔ اس موقع پر صنعتی اداروں کے مالکان اور سرکاری اداروں کے افسران خصوصاً خواتین افسران بھی موجود تھیں۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ کمشنر نے خواتین ورکرز کے مسائل سننے کے بعد انہیں فوری حل کرنے کی ہدایات جاری کیں اور کہا کہ ضلع میں ہر سطح پر خواتین کو درپیش مسائل و مشکلات حل کر کے انہیں دوست و پرامن ماحول فراہم کرنے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس موقع پر سوشل ویلفیئر آفیسر ڈاکٹر فضل محمود خان اور ڈسٹرکٹ کمیشن آن سٹیٹس فار ویمن کی ضلعی چیئرپرسن ساجدہ حسرت خان نے خطاب کیا اور کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے خواتین کے مسائل کم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔