ایوب میڈیکل کمپلیکس میں زچہ و بچہ کیلئے صحت کی سہولیات میں فقدان

جمعہ 15 دسمبر 2017 15:18

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2017ء) صوبہ خیبر پختونخوا کی بڑی تدریسی ہسپتال ایوب میڈیکل کمپلیکس میں زچہ و بچہ کیلئے صحت کی سہولیات میں فقدان کے باعث شہری بڑے شہروں کا رخ کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں ہزارہ بھر سمیت شمالی علاقہ جات سے آنے والے مریضوں کیلئے بچوں کا کوئی سرجن تک موجود نہیں، جنرل سرجن کے آپریشن سے پیدا ہونے والی پیچیدگیاں مسائل کا سبب بننے لگیں، ایوب میڈیکل کمپلیکس کے نئے بورڈ آف گورنر سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ضلع ایبٹ آباد کے سب سے بڑے تدریسی ہسپتال میں بچوں کیلئے صحت کی سہولیات مکمل دستیاب نہ ہونے سے صوبائی حکومت کا صحت کا انصاف بے نقاب ہو گیا، ہزارہ کے سات اضلاع سمیت شمالی علاقہ جات سے بھی مریض اسی ہسپتال کا رخ کرتے ہیں جہاں بچوں کا سرجن تاحال تعینات نہ ہونا سوالیہ نشان ہے۔

(جاری ہے)

جنرل آپریشن کرنے والے سرجن معصوم اور نومولود بچوں کے غلط آپریشن کر کے والدین کیلئے مشکلات میں اضافہ کر رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ہسپتال میں موجود ایک ہی سرجن تعینات ہے، ایمرجنسی کی صورت میں شدید مسائل کا سامنا رہتا ہے، والدین بچوں کو لیکر پشاور یا اسلام آباد رخ کر رہے ہیں۔ اس ضمن میں سیکرٹری صحت بورڈ آف گورنر سے اپیل کی گئی ہے کہ ایوب میڈیکل کمپلیکس میں بچوں کی سرجری کا شعبہ قائم کیا جائے تاکہ تمام ضرورت مند مریضوں کا علاج ممکن ہو سکے۔