عدنان قتل کیس، اہلیان علاقہ کے مظاہرے کے بعد معاملے کے غیرجانبدارانہ انکوائری کے احکامات جاری

جمعہ 15 دسمبر 2017 15:16

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2017ء) کوٹھیالہ میں عدنان قتل کیس میں نوجوان پر بے بنیاد مقدمہ کے خلاف اہلیان علاقہ نے ڈی پی آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ڈی پی او نے ملاقات کے بعد غیرجانبدارانہ انکوائری کے احکامات جاری کر دئیے۔ دو روز قبل کوٹھیالہ کی حدود رڑیاں ٹوڈو میرا میں راستہ کے تنازعہ پر 15 سالہ عدنان ولد ایاز کو گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا تھا جس پر مقتول کے والد ایاز نے تھانہ شیروان میں فیصل ولد منصف نامی شخص کے خلاف 302 کے مقدمہ کا اندراج کروایا۔

ملزم فیصل نے قبل از گرفتاری ضمانت لے لی۔ اس حوالہ سے کوٹھیالہ کے رہائشیوں ریاض، اشتیاق، شیراز سمیت بڑی تعداد میں اہلیان علاقہ و منتخب نمائندگان نے ڈی پی او آفس کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

احتجاجی مظاہرین کے مطابق ان کے علاقہ میں ڈسٹرکٹ کونسل کی سڑک کی تعمیر کا کام جاری ہے، سڑک ایاز کے گھر کے قریب سے گذرتی ہے جس پر ایاز نامی شخص نے راستہ کی ملکیت کا دعویٰ کیا۔

راستہ کے تنازعہ حل کرنے کیلئے ڈسٹرکٹ کونسل کے ملازمین اور کوٹھیالہ پولیس چوکی کے اہلکار سمیت دیگر افراد متنازعہ جگہ پر گئے جہاں ایاز نامی شخص نے ان پر پتھرائو کروا دیا جس کی وجہ سے متعدد افراد زخمی ہوئے۔ پولیس کے ہمراہ ڈسٹرکٹ کونسل ملازمین اور فیصل نامی شخص وہاں سے چلے گئے۔ بعد ازاں ایاز نے پستول سے فائر کر کے اپنے بیٹے عدنان کو قتل کر دیا اور قتل کی دعویداری فیصل پر کر دی گئی۔

مظاہرین کے مطابق وقوعہ کے وقت فیصل موقع پر موجود نہیں تھا۔ مظاہرین نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید اشفاق انور سے ملاقات کے دوران واقعہ کے حوالہ سے تفصیل سے آگاہ کیا جس پر ڈی پی او نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ غیر جانبدارانہ تحقیقات کروا کر ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائیںگے جس پر مظاہرین منتشر ہو گئے۔

متعلقہ عنوان :