معروف بزنس مین اور وفاقی ایوانہائے صنعت وتجارت کے نائب صدر مرزااشتیاق بیگ مسلم لیگ (ن) میں شامل

کراچی میں قیام امن کے حوالے سے کوئی غلط فیصلہ نہیں کیا ہے ،ہماری حکومت کے اقدامات سے کراچی میں تبدیلی آئی ہے ، گورنرسندھ ڈکٹیٹر نے ہمیشہ ملک کو نقصان پہنچایا ہے ۔اگر ہمارا احتساب ہوتا ہے تو ڈکٹیٹرز کا بھی احتساب ہونا چاہیے، وزیراعلیٰ بلوچستان کا مرزااشتیاق بیگ کی رہائش گاہ پر تقریب سے خطاب

جمعہ 15 دسمبر 2017 15:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور معروف بزنس مین مرزااختیاربیگ کے بھائی اور وفاقی ایوانہائے صنعت وتجارت کے نائب صدر مرزااشتیاق بیگ نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرلی ہے ۔اس ضمن میں تقریب جمعہ کی شب ڈیفینس میں واقع ان کی رہائش پر منعقد ہوئی۔تقریب میں گورنر سندھ محمد زبیر، وزیراعلیٰ بلوچستان سردار ثناء اللہ زہری اور وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہاکہ ہم نے کراچی میں قیام امن کے حوالے سے کوئی غلط فیصلہ نہیں کیا ہے ،ہماری حکومت کے اقدامات سے کراچی میں تبدیلی آئی ہے ۔جو اس شہر کو بند کرانے کی بات کرتے تھے ہم نے ان پرتالے لگا دئیے ہیں ۔لوگ پوچھتے ہیں کہ عشرت العباد اتنے عرصے کیوں رہے ۔

(جاری ہے)

انکا تو ایم کیو ایم کے بانی سے بھی جھگڑا ہوگیا تھا پھر بھی وہ رہے اسکا مطلب ہے وہ کسی اور کے آدمی تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی بلوچستان سر دار ثنا اللہ زہری نے کہا کہ بلوچستان میں ہم وہاں تک گئے جہاں کوئی نہیں جاسکتا تھا۔ہم نے صوبے میں امن قیام کیا۔بلوچستان میں دہشت گردوں کو ختم کردیا ہے۔ بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے کاروباری حضرات وہاں سرمایہ کاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ ریکوڈیک منصوبے پر عمل کرکے پاکستان کے قرضے ختم کیے جاسکتے ہیں ۔سی پیک پاکستان کا مستقبل ہے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی کو اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہوں۔کراچی کے ساتھ تاریخی کھلواڑ کی گئی۔وزیر اعلی بلوچستان سردار ثنا اللہ زہری نے کہا کہ ڈکٹیٹر نے ہمیشہ ملک کو نقصان پہنچایا ہے ۔اگر ہمارا احتساب ہوتا ہے تو ڈکٹیٹرز کا بھی احتساب ہونا چاہیے